قربانی کے اتھرے جانوروں نے اناڑی قصائیوں کی دوڑیں لگوا دیں، کئی شہری سارا دن بیل کو قابو کرنے کے لیے گلیوں میں بھاگتے رہے

لاہور: (پی این آئی) عید پر اناڑی قصائیوں نے مصیبت کھڑی کر دی، کہیں بیل آؤٹ آف کنٹرول ہوگیا تو کہیں گائے قابو سے باہر ہوگئی، شہریوں کی دوڑیں لگ گئیں۔فیصل آباد کے علاقے گلبرگ میں اناڑی قصاب تگڑے بیل کے سامنے بے بس دکھائی دیا، جانور نے رسیاں تڑوا کر بھا گ گیا، دو کلومیٹرز دور جا کر قصاب اور

شہری بیل کو قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کالا خان میں بھی قربانی کا جانور بپھر گیا، بیل گراتے وقت رسیاں توڑ کر فرار ہوگیا جس کے بعد سب کی دوڑیں لگ گئیں، کوئی ادھر بھاگا تو کوئی ادھر گرا، بڑی مشکل سے سب نے جان بچائی۔خان پور میں بھی اناڑی قصائی کی چھری دیکھتے ہی قربانی کا جانور دو نو گیارہ ہوگیا۔ 15افراد نے پکڑنے کی کوشش بھی کی لیکن کامیابی نہ ہوسکی، اس دوران 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔لیاقت پور میں طوفان بادشاہ نے طوفان بپا کر دیا، شہر ی چکرا گئے۔ بیل کو پکڑنے کی بڑی کوشش کی گئی، ڈیڑھ گھنٹے کی مشقت کے بعد بچارا ہاتھ آگیا۔صادق آباد میں بھی بھینسا بھاگتے بھاگتے نہر میں جاگرا، مالک سمیت لوگوں نے بچانے کیلئے چھلانگ لگا دی۔ شہری پیچھے پیچھے رہے، جانور آگے نکل گیا۔

close