رات کو فون زیاد ہ استعمال کرنیوالوں میں کونسا خطرہ بڑھ جاتا ہے؟ ماہرین کی تحقیق آگئی

لندن(پی این آئی) فون زیادہ استعمال کرنے کے بے شمار نقصانات سائنسی تحقیقات میں سامنے آ چکے ہیں اور اب رات کو فون استعمال کرنے والوں کو سائنسدانوں نے موٹاپے کے حوالے سے متنبہ کر دیا ہے۔ برسٹل میڈیکل سکول،یونیورسٹی آف برسٹل کے ماہرین نے اپنی تحقیق میں بتایا ہے کہ رات کو فون استعمال کرنے والوں کو موٹاپا لاحق ہونے کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

 

تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ بیکی کونوے کیمپ بیل کا کہنا تھا کہ ”ہمارے دماغ میں ایک ماسٹر کلاک ہوتا ہے جو ہماری نیند اور بیداری کے مراحل، مزاج، جسمانی درجہ حرارت، بھوک اور دیگر تمام جسمانی افعال کو کنٹرول کرتا ہے۔ جب رات کے وقت فون استعمال کیا جائے تو ہمارے جسم کا یہ ماسٹر کلاک متاثر ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں تمام جسمانی افعال میں بگاڑ آتا ہے۔ “

 

بیکی کونوے نے بتایا کہ ”بھوک اور مختلف ہارمونز کے لیول متاثر ہونے سے انسان موٹاپے کا شکار ہونے لگتا ہے۔اس سے انسان میں ذہنی تناؤ میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ “ انہوں نے اپنی تحقیق کے نتائج میں لوگوں کو ہدایت کی کہ سونے سے کم از کم دو گھنٹے قبل کسی بھی طرح کی سکرین کا استعمال ترک کر دیں۔

close