طالبعلموں پر ڈریس کوڈ کی سخت پابندی نافذ

لاہور: پاکستان کی معروف اور سب سے بڑی جامعہ پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ کے لیے ڈریس کوڈ پر سختی سے عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ کے لباس سے متعلق موصول ہونے والی مسلسل شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کا سخت فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والے طلبہ کو اب یونیورسٹی کے گیٹ پر ہی روک دیا جا رہا ہے۔ خاص طور پر شارٹس یا غیر موزوں لباس پہن کر آنے والے طلبہ کو کیمپس میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول کو برقرار رکھنے اور ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ صرف طلبہ ہی نہیں، بلکہ غیر طلبہ وزیٹرز کو بھی یونیورسٹی میں داخلے کے لیے مناسب لباس پہننا ضروری قرار دیا گیا ہے، بصورتِ دیگر انہیں گیٹ سے واپس بھیجا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے پہلے بھی وقتاً فوقتاً ڈریس کوڈ سے متعلق ہدایات جاری کی جاتی رہی ہیں، تاہم اب پہلی بار اس پر سختی سے عمل درآمد کا آغاز کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close