پنجاب حکومت توجہ دے، پنجاب میں مفت تعلیم کی فراہمی کیلئے احتجاج کرنیوالے بلوچ طلبا و طالبات ملتان سے پیدل لاہور پہنچ گئے

لاہور (پی این آئی) پنجاب میں مفت تعلیم کی فراہمی کیلئے احتجاج کرنیوالے بلوچ طلبا و طالبات ملتان سے پیدل لاہور پہنچ گئے۔ بارہ روز سے پیدل سفر کر کے لاہور پنچنے والے تیس طلبا و طالبات نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ بہاو الدین ذکریا یونیورسٹی کے ان سٹوڈنٹس کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ گزشتہ حکومت

میں انہیں فراہم کی گئی مفت تعلیم کی سہولت بحال کی جائے۔ حقوق بلوچستان پیکیج کے تحت دوہزار تیرہ میں بلوچ طلبا و طالبات کو حکومت پنجاب نے صوبے کی دس جامعات میں مفت تعلیم کی سہولت دی۔ موجودہ صوبائی حکومت نے یہ سہولت اب واپس لے لی ہے۔ بی زیڈ یو ملتان کی بلوچ سٹوڈینٹس کونسل کے چیئرمین وقار بلوچ نے لمحہ نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے زیادہ تر طلبا و طالبات غریب گھرانوں سے ہیں جن کیلئے پنجاب میں آ کر تعلیم حاصل کرنے کا خرچ اٹھانا ممکن نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یا تو ان کے اپنے علاقوں میں تعلیم کیلئے یونیورسٹیز قائم کی جائیں، یا گزشتہ حکومت کی جانب سے دی گئی مفت تعلیم کی سہولت انہیں دوبارہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان میں چالیس روزہ دھرنے کے دوران حکومتی نمائندوں نے انہیں کہا کہ پنجاب کی جانب سے بلوچ طلبا کو مفت تعلیم کی فراہمی ایک غلطی تھی، جس کو اب ٹھیک کیا جا رہا ہے۔ وقار بلوچ نے کہا کہ پنجاب حکومت ان کے مطالبات مان لے تو بہتر ہے ورنہ دو سے تین روز میں یہاں سے اٹھ کر یہ بلوچ طلبا اسلام آباد جائیں گے اور پارلیمینٹ ہاوس کے باہر احتجاج کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close