لاہور (پی این آئی)یونیورسٹیوں کی عالمی رینکنگ کے سب سے معتبر ادارے’کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ‘ نے دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کی نئی درجہ بندی کی فہرست جاری کر دی ہے جس میں پنجاب یونیورسٹی نے مضمون کے اعتبار سے ہونے والی درجہ بندی میں گزشتہ سال کی نسبت بہتر پوزیشن حاصل
کر لی۔حالیہ رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی نے مضمون کے اعتبار سے 2020 کی رینکنگ میں فزکس اور آسٹرانومی میں 50 درجے کی سلیب حاصل کر لی ہے۔ متعلقہ مضامین میں پنجاب یونیورسٹی گزشتہ سال 501سے 550 کے مقابلے میں 451 سے 500 بہترین اداروں میں شامل ہوئی۔ ایگریکلچر اور فاریسٹری میں پنجاب یونیورسٹی اپنی پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے دنیا کی بہترین 251 سے 300 یونیورسٹیوں میں شامل رہی ہے۔اسی طرح بزنس اینڈ مینجمنٹ سٹڈیز اور بائیولوجیکل سائنسز میں پنجاب یونیورسٹی پہلی مرتبہ عالمی رینکنگ میں شامل ہوئی۔بزنس اینڈ مینجمنٹ سٹڈیز میں پنجاب یونیورسٹی دنیا کی بہترین 451 سے 500 یونیورسٹیوں میں شامل ہوئی اور بائیولوجیکل سائنسز اور کیمسٹری میں پنجاب یونیورسٹی دنیا کی بہترین 501 سے 550 یونیورسٹیوں میں شامل ہے۔ صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن راجا یاسر ہمایوں سرفراز نے سنگ میل عبور کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کو مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ ساتھ دیگر یونیورسٹیاں رینکنگ میں بہتری کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد کی تعلیم دوست پالیسیاں قابل ستائش ہیں جن کی بدولت پاکستان کو اچھی خبر ملی ہے۔انہوں نے دیگر یونیورسٹیوں کو پنجاب یونیورسٹی کی پیروی کرنے پر زور دیا اوراس ضمن میں حکومتی تعاون کا یقین دلایا۔وائس چانسلر پروفیسر نیازا حمد نے پنجاب یونیورسٹی رینکنگ میں بہتری پر ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، طلباؤ طالبات اور ملازمین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے یونیورسٹی رینکنگ کمیٹی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ گڈ
گورننس، اعلیٰ اقدار کی بحالی اور سماجی فوائد کیلئے تحقیقی کام پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے تمام معاملات کو قواعدو ضوابط کے مطابق چلانے کیلئے سٹیچوئری باڈیز کام کر رہی ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر نے پنجاب یونیورسٹی میں تحقیق و تدریس کے معیار کی بہتری کیلئے ہر طرح کے وسائل کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ تحقیقی کلچر کو فروغ دینے کیلئے اساتذہ اور طلبہ کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی مستقبل میں کیو ایس رینکنگ میں مزید کامیابی حاصل کرے گی۔ صدر پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری اور سیکریٹری جاوید سمیع نے عالمی رینکنگ میں بہتری پر وا ئس چانسلر پروفیسر نیاز احمد، انتظامیہ، فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات کومبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کا ریسرچ پر فنڈنگ کے باعث رینکنگ میں بہتری آئی۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں