پنجاب پاور ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد میں فراڈ کا مرتکب ہو رہا ہے، اجمل بلوچ ڈپٹی کمشنر او ایف آئی اے دارالحکومت میں مداخلت کا نوٹس لیں، خالد چوہدری

اسلام آباد (پی این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ اور سیکریٹری خالد چوہدری اور ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے پاور ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار اور ٹھیکے دار وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف مارکیٹوں میں جاکر کمرشل عمارتوں کے

مالکان سے وائرنگ اور لوڈ ٹیسٹنگ کے نام پر بھاری رقم وصول کر رہے ہیں جو کہ غیر قانونی ہے۔ اسلام آباد کی کسی بھی بلڈنگ کی لائسنس یافتہ ٹھیکیدار سے ٹیسٹنگ رپورٹ ضروری ہے اس کے بغیر سی ڈی اے یا متعلقہ محکمہ کا تکمیل کا سرٹیفکیٹ جاری ہی نہیں کیا جاتا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے کسی بھی قانون کا اطلاق وفاقی دارالحکومت پر نہیں ہوتا اور پنجاب پاور ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد میں فراڈ کا مرتکب ہو رہا ہے۔ چیف کمشنر آئی سی ٹی عامر علی احمد ڈپٹی، کمشنر حمزہ شفقات اور ایف آئی اے کے ڈی جی واجد ضیاء ٹیسٹنگ کے نام پر اسلام آباد میں ہونے والے فراڈ کا نوٹس لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کچھ ایسا کرنا ضروری بھی ہے تو انجمن تاجران اسلام آباد چیمبر اور ضلعی انتظامیہ کو اعتماد میں لے انہوں نے تمام تاجر تنظیموں اور کاروباری حضرات کو کہا ہے کہ اگر بلڈنگ الیکٹرک ٹیسٹنگ کے نام پر فیس طلب کرے یا تنگ کرے تو فوری طور پر متعلقہ تھانے کو اطلاع کریں۔ انہوں نے چیف منسٹر پنجاب سے بھی اپیل کی کہ وہ اسلام آباد میں فراڈ بند کروائیں۔۔۔۔

قیمتوں میں کمی کیلئے ترسیل کے نظام کوبہتر کیا جائے، سردار یاسر الیاس خان روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی کیلئے کوشاں ہیں، رشدل خان ہوتی

اسلام آباد (پی این آئی) مارکیٹ کمیٹی اسلام آباد کے چیئرمین رشدل خان ہوتی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان کے ساتھ مہنگائی پر قابو پانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ڈائریکٹر ڈی ایم اے کیپٹن علی اصغر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمیشنر جنرل رانا وقاص بھی ان کے ہمراہ۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عبدالرحمٰن خان، سابق صدر محمد اعجاز عباسی، آل پاکستان انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ، خالد چوہدری، طاہر عباسی، عبدالرحمٰن صدیقی، ایف ٹین کے صدر احمد خان، جنرل سیکرٹری ملک نعیم اقبال، علی اکرم اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صد ر سردار یاسر الیاس خان نے اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عوام مہنگائی کی وجہ سے کافی پریشان ہیں لہذا عام آدمی کی مشکلات میں کمی کیلئے خاص طور پر سبزی اور فروٹ کی قیمتوں میں کمی لانا ضروری ہے جس کیلئے  ترسیل کے نظام کو مزید بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جرمانے کرنے یا سزائیں دینے سے مہنگائی کم نہیں ہو سکتی لہذا ترسیل کا نظام آسان بنانے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آبا د کی تاجر برادری مسائل کے حل کے لئے مارکیٹ کمیٹی،ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون جاری رکھے گی۔

مارکیٹ کمیٹی اسلام آباد کے چیئرمین رشدل خان ہوتی نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق سبزی، فروٹ اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمی حالات کی وجہ سے چند اشیاء بہت زیادہ مہنگی ہو گئیں تھیں لیکن بتدریج ان کی قیمتوں میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے چند ایک سٹال دیئے گئے تھے جبکہ کسی بھی مارکیٹ کے قریب کوئی سٹال نہیں دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اگلے ہفتہ سے تمام سٹال ختم کر دیئے جائیں گے جبکہ چند روز میں سبزی اور فروٹ کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ ڈائریکٹر ڈی ایم اے کیپٹن علی اصغر نے اس موقع پر کہا کہ اسلام آباد سے تجاوزات کے خاتمہ کے لئے تاجر برادری کا تعاون درکار ہے اور اس سلسلہ میں چیف کمیشنر کی طرف سے ہدایات جاری ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریڈ لائسنس، بورڈ ٹیکس اور دیگر معاملات پر کسی کوئی مسئلہ درپیش ہو تو رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ، آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، خالد چوہدری، طاہر عباسی، احمد خان، عبدالرحمن صدیقی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور قیمتوں میں کمی کیلئے مختلف تجاویز دیں۔۔۔۔

close