جناح ہائوس حملہ کیس، مزید 6 ملزمان کو رہا کرنے کا حکم

لاہور (پی این آئی) عدالت نے 9 مئی جناح ہاؤس کیس میں 6 ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جناح ہاؤس مقدمے میں گرفتار 6 ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا، اس حوالے سے عدالت نے ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرلی، عدالت نے ملزمان کو ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا، عدالت کی جانب سے رہائی پانے والے ملزمان میں مجاہد علی شاہ، علی شارق، احسن زکی، افتخار علی، زین العابدین اور حیدر علی شامل ہیں۔دوسری طرف لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں کے کیسز پر عدالتوں میں پیش نہ ہونے پر 14ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے، جج ارشد جاوید نے پولیس سے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ جناح ہاوٴس حملہ کیس میں 9 ملزمان اور عسکری ٹاور کیس میں دیگر 5 ملزمان 15 مئی کو پیش ہوں، ملزمان کو مقدمے کی کارروائی کیلئے حاضر ہونا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، ملزمان میں عطا الرحمٰن، عبدالرحمٰن، اکرام اللہ، عبدالہادی، امان اللہ، علی حسن، شہباز صدیق، روبینہ رضوان، عرفان جمیل، سعید شاہ، محسن گل آغا اور محمد پرویز شامل ہیں، عدالت نے ملزمان کو عدالت میں پیش ہونے سے قبل نئے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔

علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما جمشید اقبال چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت اقبال چیمہ کی 9 مئی کے فسادات سے متعلق مزید 7 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کی، جج ارشد جاوید نے دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں 21 مئی تک منظور کرنے کی اجازت دیتے ہوئے دونوں کو ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔

close