اسلام آباد کے تجارتی مراکز سے لاک ڈاؤن ختم کیا جائے، اجمل بلوچ کسی بھی مارکیٹ میں کرونا کے مریض موجود نہیں ہیں،خالد چودھری، اشفاق چٹھہ

اسلام آباد (پی این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکریٹری خالد محمود چوہدری اور آئی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اشفاق چٹھہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تاجر کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے بہت زیادہ متاثر ہیں۔ آج کل جی نائن مرکز آئی ایٹ مرکز اور آئی ٹین مرکز مکمل طور پر بند ہیں جبکہ ان مارکیٹوں میں ابھی تک کوئی بھی کرونا متاثر مریض نہیں ہے۔ رہائشی علاقوں کے لاک ڈاؤن کی تو سمجھ آتی ہے، ڈپٹی کمشنر آئی سی ٹی حمزہ شفقات جی نائن مرکز سمیت تمام تجارتی مراکز سے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کریں تاکہ تاجر سکون سے بزنس کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چار ماہ سے تاجر لاک ڈاؤن کی وجہ سے سخت پریشان ہیں کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے دکانوں کے کرائے، بجلی اور گیس کے بل اور ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ اب نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ بجلی کے بلوں کی طرز پر دکانوں کے کرایہ ادا کرنے یا معاف کرنے کے احکامات جاری کریں انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ کرونا کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں۔۔۔۔

close