اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستان کبڈی ٹیم کے اعزاز میں تقریب

 اسلام آباد (پی این آئی ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستان کبڈی ٹیم کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا سرور اور پاکستان کبڈی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر وحید کی قیات میں کبڈی ٹیم نے تقریب میں شرکت کی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ

انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمٰن خان، چیمبر کی سپورٹس کمیٹی کے کنوینر ظریف خان اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم سمیت تاجر برادری کی کثیر تعداد تقریب میں موجود تھی۔ چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کبڈی ٹیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے جس کیلئے قوم ٹیم اور انتظامیہ کی شکر گزار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے روایتی حریف انڈیا کو فائنل میں شکست دے کر ورلڈ کپ جیتا ہے جس سے اس کامیابی کا مزا دوبالا ہو گیا ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر کبڈی کے کھلاڑیوں اور کھیل کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرے گاتا کہ پاکستان اس کھیل میں مستقبل میں مزید ایسی کامیابیاں حاصل کرے۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے پہلی مرتبہ کبڈی کا ورلڈ کپ منعقد کر کے ورلڈ کپ جیتا ہے جو ملک کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹائیٹل کر برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے تاہم انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی کبڈی کھیل میں پاکستان کا پرچم بلند رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انٹرنیشنل کبڈی لیگ اسلام آباد میں منعقد کرنے کی کوشش کی جائے گی تا کہ اس خطے میں بھی کبڈی کھیل کو بہتر فروغ ملے۔پاکستان کبدی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے پر قوم نے جس فراغ دلی سے کبڈی ٹیم کی پذیرائی کی ہے وہ اس کیلئے قوم کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ جیتنے سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن ہوا اور اور ملک امیج بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کبڈی ٹیم آئندہ بھی قوم کیلئے ایسی کامیابیاں حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے بھی ورلڈ کپ جیتنے پر پوری قوم کی طرف سے کبڈی ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان میں کبڈی ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان اب کھیلوں سمیت کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک محفوظ ملک ہے۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم نے بھی پاکستان کبڈی ٹیم کو ملک و قوم کیلئے عظیم کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ فیصل آباد چیمبر جلد ہی ایک انٹرنیشنل کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کرے گا جس میں ہریانہ اور پنجاب کی ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔اسلام آباد چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کی سپورٹس کمیٹی کے کنوینر ظریف احمد خان نے کو ملک و قوم کیلئے ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان کبڈی ٹیم کو  خراج تحسین پیش کیا اور کبڈی کھیل کے فروغ کیلئے تاجر برادری کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے اختتام پرکھلاڑیوں کو انعامات دیئے گئے۔   

close