امریکا ایران کشیدگی کے اثرات ، ورلڈ بینک نے مہنگائی میں اضافے سے متعلق خبردار کر دیا

ورلڈ بینک نے عالمی اقتصادی سست روی اور مہنگائی میں اضافے سے خبردار کر دیا۔

ورلڈ بینک نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی معیشت کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جبکہ رواں سال عالمی ترقی کی رفتار کورونا وبا کے بعد سب سے سست رہنے کا امکان ہے۔

ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق رواں سال عالمی اقتصادی ترقی کی شرح کا تخمینہ 2.9 فیصد سے کم کرکے 2.5 فیصد مقرر کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ توانائی کی بڑھتی قیمتیں، مہنگائی میں اضافہ اور قرض لینے کی بلند لاگت عالمی معیشت پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اگر سپلائی چین میں رکاوٹیں مزید بڑھ گئیں تو عالمی اقتصادی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ برینٹ خام تیل کی قیمت میں 36 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور اس کی اوسط قیمت 94 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔

ورلڈ بینک نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کی صورت میں عالمی مہنگائی کی شرح 4 فیصد تک جا سکتی ہے، جو گزشتہ سال 3.3 فیصد رہی تھی۔ رپورٹ کے مطابق جنوری کے بعد دنیا کے دو تہائی ممالک کے لیے اقتصادی ترقی کی پیش گوئیوں میں کمی کر دی گئی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے تنازع سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کی معاونت کے لیے 60 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر اس امدادی پیکیج کو 100 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close