اب کم آمدنی والوں کے لئے گاڑی خریدنا ہوگا آسان؟ حکومت کا بڑا منصوبہ

سستی چھوٹی گاڑیوں کی نئی کیٹیگری متعارف کرانے کی تجویز سامنے آگئی ، کم اور متوسط آمدنی والے افراد گاڑی خرید سکیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نئی آٹو انڈسٹری ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی 2026-31 کے تحت سستی چھوٹی گاڑیوں کی نئی L6/L7 کیٹیگری متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مجوزہ کیٹیگری کا مقصد ملک میں تھری وہیلرز اور 660 سی سی انٹری لیول گاڑیوں کے درمیان موجود قیمت کے فرق کو کم کرنا ہے تاکہ کم اور متوسط آمدنی والے افراد بھی چار پہیوں والی محفوظ سواری خرید سکیں۔

پالیسی کے تحت متعارف کرائی جانے والی L6/L7 گاڑیاں چھوٹے سائز، ہلکے وزن اور بہتر فیول ایوریج کی حامل شہری گاڑیاں ہوں گی، جو خاص طور پر شہر کے اندر سفر کے لیے ڈیزائن کی جائیں گی۔.

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے موٹر سائیکل استعمال کرنے والے افراد کو زیادہ محفوظ ٹرانسپورٹ کی طرف منتقل ہونے میں مدد ملے گی جبکہ پہلی بار گاڑی خریدنے والے صارفین کو بھی سستی آپشن میسر آئے گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی موجودہ آٹو مارکیٹ میں کم قیمت چار پہیوں والی گاڑیوں کی کمی ہے، جس کے باعث بیشتر شہری مجبوری کے تحت موٹر سائیکل استعمال کرتے ہیں، حالانکہ اس میں حفاظتی خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔

مجوزہ پالیسی سے سستی ذاتی ٹرانسپورٹ، مقامی آٹو مینوفیکچرنگ، نئی سرمایہ کاری اور چھوٹی گاڑیوں کی صنعت کے فروغ میں مدد ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ تجویز ابھی زیر غور ہے اور اس حوالے سے کوئی حتمی منظوری نہیں دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close