:ملک بھر میں مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے جبکہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں, حالیہ اضافے کے بعد درجہ اول گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں مزید 3 روپے فی کلوگرام اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
نئے اضافے کے بعد درجہ اول گھی اور آئل کی قیمت 598 روپے فی کلوگرام اور فی لٹر تک پہنچ گئی ہے، جبکہ سن فلاور کوکنگ آئل کی قیمت 618 روپے فی لٹر کی بلند ترین سطح پر دیکھی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا مسلسل مہنگی ہونے سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ خاص طور پر متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کیلئے کھانے پینے کی اشیا خریدنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
دوسری جانب آٹے کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران 10 سے 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 120 سے 200 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
معیاری چاول کی قیمتیں بھی بڑھنے کے باعث عام صارفین کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق درآمدی لاگت، ٹرانسپورٹ اخراجات اور مہنگے ایندھن کے باعث اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





