لاہور میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ایک اور اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں گندم مہنگی ہونے کے باعث آٹے کے نرخ بھی اوپر چلے گئے ہیں۔ شہریوں کو روزمرہ استعمال کی اس بنیادی چیز کے لیے اب مزید قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رجحان برقرار ہے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 50 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق فلور ملز کی جانب سے 20 کلو آٹے کا تھیلا 2100 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ یہی تھیلا مارکیٹ میں صارفین کو 2150 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملز کی جانب سے 10 کلو آٹے کے تھیلوں کی فراہمی بند ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری طرف بازار میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 1600 سے 1700 روپے کے درمیان فروخت کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں گندم کی فی من قیمت بڑھ کر تقریباً 4 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے، جس کے براہ راست اثرات آٹے کی قیمتوں پر مرتب ہو رہے ہیں اور مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





