رمضان سے پہلے مہنگائی کا وار، آٹے کی قیمت میں اچانک اضافہ

رمضان المبارک کی آمد سے قبل ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے صارفین کی پریشانی میں اضافہ کر دیا۔

کراچی میں ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 10 روپے اضافے کے بعد 140 روپے فی کلو تک جا پہنچی۔ شہرِ قائد میں فائن آٹا بھی 10 روپے مہنگا ہو کر 160 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جبکہ محلے کی چکیوں پر دستیاب آٹے کی قیمت بھی بڑھ کر 160 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ ادھر کوئٹہ میں چائے خانوں نے 50 روپے میں دستیاب کٹ کی قیمت 10 روپے بڑھا کر 60 روپے کر دی، جسے شہری مہنگائی کی نئی لہر قرار دے رہے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب میں بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر حافظ عارف کے مطابق لاہور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1800 روپے کے بجائے 2000 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ کھلے آٹے کی قیمت 95 روپے سے بڑھ کر 130 روپے فی کلو ہو گئی، جبکہ چکی کا آٹا 150 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔ حافظ عارف کا کہنا ہے کہ رمضان سے پہلے آٹے کی قیمت میں تقریباً 20 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، جبکہ فائن میدہ 11 ہزار روپے فی من میں فروخت ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چاول کی قیمت میں بھی 25 روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق رمضان سے قبل طلب میں اضافے اور سپلائی چین کے مسائل قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی اہم وجوہات ہو سکتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close