ڈالر کی قدر 340 روپے تک ہونے کی پیشنگوئی کر دی گئی

کراچی(پی این آئی) نگران حکومت کے اقدامات کی بدولت حالیہ دنوں میں ڈالر کی قیمت میں خاطرخواہ کمی واقع ہوئی ہے تاہم بروکریج فرم ’ٹاپ لائن سکیورٹیز‘ نے آئندہ سال ڈالر کی قیمت کے حوالے سے چشم کشا پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جون 2024ءتک انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 320سے 340کے درمیان ہو گی۔

بروکریج فرم کی طرف سے روپے کی قیمت کے حوالے سے اپنی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نگران حکومت آنے کے بعد سے پاکستانی روپیہ شدید دباؤ میں تھا لیکن حکومتی اقدامت کی بدولت حالیہ دنوں انٹربینک اور اوپن مارکیٹ دونوں میں روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔ واضح رہے کہ ٹاپ لائن سکیورٹیز کی طرف سے یہ پیش گوئی ایک سروے کے نتائج کے پیش نظر کی گئی ہے۔ یہ سروے کرنسی مارکیٹ کے ماہرین پر مشتمل تھا جس میں سب سے زیادہ (38فیصد) ماہرین نے کہا کہ جون 2024ءتک ڈالر کی قیمت 320سے 340کے درمیان ہو گئی۔ 21فیصد نے 300سے 320اور 25فیصد نے 340سے 360روپے کے درمیان ہونے کی پیش گوئی کی۔5فیصد نے 360روپے سے اوپر جانے اور 12فیصد نے ڈالر کی قیمت 300سے نیچے رہنے کا کہا۔

close