تیل قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال مہنگائی 29 فیصد سے کم ہوکر 21فیصد پر آجائے گی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے اس سال کے آخر تک تیل کی قیمت 100ڈالر تک نہ چلی جائے۔پنجاب اور خیبرپختونخواہ کا ترقیاتی بجٹ 4 ماہ کیلئے ہے۔

قومی ترقیاتی بجٹ 3ہزار ارب سے زائد ہوجائے گا۔ قومی ترقیاتی بجٹ 2709ارب روپے ہے، اعلیٰ تعلیمی کمیشن کو 60 ارب کا تاریخی بجٹ دیا گیا۔ آئندہ مالی سال کیلئے جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 3.5فیصد مقرر کیا گیا ہے۔جو بھی فیصلے کررہے ہیں وہ ملکی استحکام کیلئے کررہے ہیں، دو کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔افراط زر کا ہدف 21فیصد رکھا گیا ہے، اگلے مالی سال میں مہنگائی 29 فیصد سے کم ہوکر 21فیصد پر آجائے گی۔قومی اقتصادی کونسل نے بجٹ اہداف کی منظوری دے دی ہے۔قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں 2035 تک کیلئے آؤٹ لک رپورٹ کی دستاویز پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 2035تک غربت 15فیصد تک محدود رہے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت کو شدید مالی معاشی بحران ورثے میں ملا تھا، سابق حکومت کے پاس ترقی کا کوئی روڈ میپ نہیں تھا۔ قومی اقتصادی کونسل نے فائیو ای فریم ورک کی منظوری دی ہے۔

مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔ای پاکستان کے ذریعے ڈیجیٹل انقلاب لانا ہے، انٹرنیٹ فار آل کو فروغ دیں گے۔معیشت کی بہتری کیلئے برآمدات کو فروغ دینا ہوگا۔پاکستان کی برآمدات کو 100ارب ڈالر تک لے کر جانا ہے۔اسی طرح واٹر سکیورٹی اور فوڈ سکیورٹی ہماری ترجیح ہوگی۔احسن اقبال نے کہا کہ ملک بھر میں کمرشل ایریاز میں دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رات 8بجے دکانیں بند کرنے کا فیصلہ قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں کیا گیا۔قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں سندھ ، پنجاب، خیبرپختونخواہ کے وزرائے اعلیٰ ، بلوچستان کے وزیرمنصوبہ بندی شریک ہوئے۔ احسن اقبال نے کہا کہ توانائی بچت پروگرام پر صوبائی حکومتیں عملدرآمد کرائیں گی۔امریکا ، یورپ اور چین میں کمرشل ایریاز کو کھولنے کی اجازت نہیں ہوتی۔توانائی بچت سے ملک کو سالانہ ایک ارب ڈالر کی بچت ہوسکتی ہے۔دوسری جانب و زیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر بجٹ سے پہلے ہی عوام کوگھی کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کردیا گیا۔ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی کی قیمتوں میں 80 روپے فی کلو کمی کردی گئی ہے۔ گھی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے ریلیف پیکج کے تحت گھی کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔سبسڈائز گھی کل سے 410 روپے فی کلو کے حساب سے ملے گا۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ صارفین کیلئے گھی 300 روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں