اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی کو فوری طور پر متبادل معاشی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کردی، شوکت ترین کے زیر قیادت پی ٹی آئی کی معاشی ٹیم ملک کو درپیش 16معاشی معاملات پر جامع منصوبہ تیار کرنے کے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پیش کرے گی، تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے ملک کو درپیش 16معاشی معاملات پر جامع منصوبہ تیار کرنیکا فیصلہ کیا ہے،
اس بات کا فیصلہ بنی گالا میں منعقدہ پارٹی قائدین کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت عمران خان نے کی، اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال، معیشت اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک شدید بدترین معاشی بحران کے نرغے میں ہے، ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، تحریک انصاف فوری طور پر متبادل معاشی منصوبہ تیار کرے، لازم ہے مضبوط معیشت کیلئے اپنی تجاویز قوم کے سامنے رکھیں،اجلاس میں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے قیادت کو کرنسی کی صورت حال سے آگاہ کیا، عمران خان نے قائدین کو معاشی بحالی کی حکمتِ عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی،شوکت ترین کو ملکی معیشت پر فوکل گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کردی گئی،اجلاس میں عمران خان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آئندہ چند ماہ میں ملکی معیشت کو سنگین صورت حال کا سامنا ہوگا،پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو تقریبا 30ارب ڈالر کے قرضے واپس کرنا ہیں، آئی ایم ایف سے ملنے والا قرض محض 2ارب ڈالر ہے،بریفنگ میں کہا گیا کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث پاکستان کی بانڈ مارکیٹ مکمل تباہ ہو چکی، تحریک انصاف کی حکومت ختم کی گئی تو بانڈ 4فیصد کے ڈسکائونٹ ریٹ پر تھا،اسد عمر نے اپنی بریفنگ میں کہا کہ بانڈ اب 50فیصد ڈسکائونٹ ریٹ پر مل رہا ہے، یہ کیفیت ظاہر کرتی ہے پاکستان دیوالیہ پن کی دہلیز پر کس قدر آگے جا چکا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں