مہنگائی کا طوفان آنیوالا ہے، پیٹرول فی لیٹر 51روپے مہنگا

لاہور (پی این آئی) گزشتہ 9 ماہ کے دوران پٹرول 51 روپے 30 پیسے مہنگا کر دیا گیا، جون 2021 سے فروری 2022 تک حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصںوعات کی قیمتوں میں 12 مرتبہ اضافہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 15جون2021 سے اب تک پٹرولیم مصنوعات 51 روپے 30 پیسے تک مہنگی کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق جون 2021 سے فروری 2022 تک ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر 43 روپے 39 پیسے ، مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لٹر 46 روپے 56 پیسے ،لائٹ ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 46 روپے 32 پیسے جبکہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت سب سے زیادہ 51 روپے 30 پیسے بڑھائی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ رات پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا تھا۔ گذشتہ رات وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔وزارت خزانہ نے موقف اختیار کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس، پٹرولیم لیوی بجٹ اہداف سے کہیں کم ہے، حکومت ٹیکسز کی مد میں 35 ارب کا ریونیو خسارہ برداشت کرے گی۔

وزیراعظم نے یکم فروری کو قیمتوں میں اضافے کی سمری مؤخرکی تھی، وزیراعظم کی ہدایت پر 15 فروری تک پٹرولیم قیمتیں برقرار رکھی گئی تھیں۔ تاہم عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 2014 کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی ہیں۔ حکومت نے وزارت خزانہ کی سمری منظور کرتے ہوئے پٹرول کو 12 روپے سے زائد مہنگا کرنے کا اعلان کر دیا۔ حکومتی فیصلے کے تحت فی لیٹر پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 03 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 53 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 8 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 43 پیسے اضافہ کر دیا گیا۔یوں فی لیٹر پٹرول کی نئی قیمت 159 روپے 86 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 123 روپے 97پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 154 روپے 15 پیسے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 126 روپے 56پیسے مقرر کر دی گئی۔

close