آزاد کشمیر، فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ای کورٹس کے کا نظام متعارف کرا دیا گیا، چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ نے آن لائن کیسز کی سماعت کا افتتاح کیا

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزاد کشمیر میں فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ای کورٹس کے کا نظام متعارف کرادیا گیاہے۔۔۔ چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ نے ہائیکورٹ میں آن لائن کیسز کی سماعت کا افتتاح کیا۔۔۔ آزادجموں وکشمیر انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ آزادکشمیر نے آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ ہیڈ کوارٹرز تمام سرکٹ بینچ ہاء سے بذریعہ ویڈیو لنک منسلک کیا گیا ہے جس سے کوٹلی،میرپوراور راولاکوٹ میں موجود سرکٹ بینچز سے کیسز کی آن لائن سماعت کی جا سکے گی۔۔۔

افتتاحی تقریب ہائیکورٹ ہیڈ کوارٹرز مظفرآباد میں منعقد ہوئی جس میں ججز ہائیکورٹ جسٹس سید شاہد بہار،جسٹس محمد اعجاز خان اور جسٹس خالد رشید چوہدری میرپور سرکٹ سے بذریعہ ویڈیو لنک سینئر جج ہائیکورٹ جسٹس میاں عارف حسین اور راولاکوٹ سرکٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے جسٹس سردار لیاقت حسین شریک ہوئے۔۔۔چیف جسٹس اور معزز جج صاحبان نے کوٹلی،میرپور اورراولاکوٹ سے کیسز کی آن لائن سماعت بھی کی۔۔۔ افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال،ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق،ممبر بارآزادجموں وکشمیر بار کونسل چوہدری شوکت عزیزایڈووکیٹ، صدر سینٹرل بار ایسوسی ایشن راجہ آفتاب ایڈووکیٹ موجود تھے جبکہ بذریعہ ویڈیو لنک میرپور،کوٹلی اور راولاکوٹ سے وائس چیئرمین بار کونسل راجہ ندیم خان ایڈووکیٹ،صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن حامدر ضا ایڈووکیٹ، صدرکوٹلی بار سردار غلام مصطفیٰ ایڈووکیٹ اور صدر پونچھ بار سردار خالد محمود ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلا ء نے شرکت کی۔۔۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ نے کہا کہ آج عدلیہ کی تاریخ میں اہم دن ہے،جدید ٹیکنالوجی سے فاصلے سمٹ جائیں گے، اس سسٹم سے سرکٹ بینچ ہا ختم نہیں ہونگے بلکہ زیاد فعال اور متحرک ہوں گے۔ ای کورٹس کے تحت جو وکلاء اپنے کیسز کو آن لائن کرنا چاہیں گے اس لیے آپشن ہوگا، اس سلسلہ میں رولز بنائے گئے ہیں اور طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔۔۔۔

close