اسکاٹ لینڈ میںکشمیری ،پاکستانی مسئلہ کشمیر کے حوالے سےکردار ادا کریں ، گلاسگو لیبر پارٹی کے ڈپٹی میئر حنیف راجہ سے ملاقات میں صدر آزاد کشمیر کی گفتگو

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اسکاٹ لینڈ میں بسنے والے کشمیری اور پاکستانی مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ بھارت نے پانچ اگست 2019ء کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی شروع کر دی ہے جس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ایک مشکل صورتحال کا سامنا ہے لہذا ایسی صورتحال میں اسکاٹ لینڈ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ جہاں مسئلہ کشمیر کو مختلف فورمز پر اُٹھانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں وہاں پر مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر بھی انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوص اسکاٹ لینڈ کی حکومت کی اس جانب توجہ مبذول کرائیں۔

اسکاٹ لینڈ میں پہلے پاکستانی نژاد برطانوی ممبر پارلیمنٹ چوہدری محمد سرور کے صاحبزادے انس سرور بھی اسکاٹش پارلیمنٹ کے ممبر رہ چکے ہیں جبکہ اس وقت اسکا ٹ لینڈ کی حکومت میں حمزہ یوسف پہلے پاکستانی نژاد سینئر منسٹر بھی ہیں۔ لہذا یہ ایک بہترین موقع ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ اسکاٹش پارلیمنٹ اور حکومت میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے آگے بڑھ کر کام کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں گلاسگو (اسکاٹ لینڈ) کے لیبر پارٹی کے ڈپٹی میئر حنیف راجہ سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ میں مسئلہ کشمیر کو اس وقت بہتر انداز میں اُجاگر کیا جا سکتا ہے اور وہاں کی حکومت اور پارلیمنٹ کی مسئلہ کشمیر پر حمایت حاصل کرنے کا یہ ایک بہترین وقت ہے لہذا اسکاٹ لینڈ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی مختلف فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار موثر انداز میں ادا کریں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں شروع کر دی ہیں جس سے وہ جہاں مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے وہاں پر مقبوضہ کشمیر کی حلقہ بندیاں تبدیل کر کے وہاں پر وہ ایک ہندو وزیر اعلیٰ لانے کی راہ ہموار کر رہا ہے جس سے وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے لہذا ایسے میں بھارت کے تمام مکروہ عزائم اور ریشہ دوانیوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہمیں جارحانہ انداز میں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنا ہو گا۔

لہذا اسکاٹ لینڈ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کی جانب انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوص اسکاٹش حکومت اور پارلیمنٹ کی توجہ مبذول کرانے کے لئے اپنا رول ادا کرے۔ ۔۔۔

close