موسٹ سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد کا دیہی ترقیاتی مرکز کہوڑی اور پنجکوٹ کا اچانک دورہ، افسران اور عملہ غائب، سائلین انتظار کرتے پائے گئے، غیر حاضر ملازمین کو معطل کر دیا گیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) موسٹ سینئر وزیر حکومت و وزیر بلدیات و دیہی ترقی آزاد کشمیر خواجہ فاروق احمد نے دیہی ترقیاتی مرکز کہوڑی اور پنجکوٹ کا اچانک دورہ کیا ، دونوں دیہی ترقیاتی مراکز کا عملہ غیر حاضر پایا گیا سائلین دفاتر میں بیٹھے آفیسران اور عملے کے منتظر پائے گئے وزیر بلدیات و دیہی ترقی نے دفاتر کے ریکارڈ کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود سائلین کے مسائل سنے اور ان کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ۔

عملے کی غیر حاضری پر وزیر بلدیات و دیہی ترقی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غیر حاضر ملازمین کو ملازمت سے معطل کئے جانے اور ان کے خلاف انضباطی کاروائی عمل میں لائے جانے کے احکامات صادر کئے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے موسٹ سینئر وزیر حکومت کا کہناتھا کہ مالی سال اختتامی مراحل میں عملے کی عدم موجودگی اور کار سرکار میں غیرسنجیدگی کے باعث ترقیاتی امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ ملازمین کے اس رویہ کی وجہ سے نہ صرف عوامی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ یوں مقرہ اہداف حاصل کرنا ممکن نہیں رہے ، وزیر بلدیات و دیہی ترقی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی مشکلات کے ازالہ کیلئے آئی ہے اور ریاست میں بلا تفریق عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گئے انہوں نے کہا کہ آفیسران و ملازمین ایمانداری اور لگن سے اپنے فرائض سرانجام دیں کسی بھی ادارے کے حوالے سے کوئی شکایت پائی گئی تو سخت کاروائی عمل میں لائے جائے گی۔۔۔۔

close