اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ممبر برطانوی پارلیمنٹ مرزا خالد محمودکی ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب وقت کی اہم ضرورت ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جارحانہ انداز میں اٹھانے کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں۔
برطانیہ کو مسئلہ کشمیر حل کروانے کے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کر نا چاہیے کیونکہ یہ مسئلہ برطانیہ کے برصغیر سے دو سو سالہ اقتدار کے خاتمے پر پیدا ہوا تھا لہذا برطانیہ کی دوہری ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا رول ادا کرے۔ اس موقع پر ممبر برطانوی پارلیمنٹ مرزا خالد محمودنے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو ان کے آئندہ دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی پارلیمنٹ میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے خطاب کی دعوت بھی دی جو صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کر لی اور کہا کہ وہ جلد ہی برطانیہ کا دورہ کریں گے اور برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کر کے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور ممبر برطانوی پارلیمنٹ مرزا خالد محمودکے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں