آزادکشمیر، وزیر اعظم معائنہ کمیشن راجہ منصور نے قمر الزمان کائرہ اورچوہدری لطیف اکبر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزاد کشمیر کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے سیکرٹری جنر ل و چیئرمین وزیر اعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان نے وفاقی مشیر امور کشمیر قمر الزمان کائرہ اور آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ منصور خان نے کہا کہ وفاقی مشیر برائے امور کشمیر قمرزمان کائرہ کی جانب سے آزادکشمیر کو صوبائی درجہ دینے کا بیان قابل مذمت ہے کے ریاستی تشخص، مالی انتظامات اور آئینی اختیارات پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان کی حکومت بیرونی خوشنودی کے لیے مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈالنا چاہتی ہے۔ ہم ایسے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ قمرالزمان کائرہ کشمیریوں سے معافی مانگیں اور استعفیٰ دیں ورنہ وزارت امور کشمیر کے دفتر کے باہر دھرنا دیں گے۔اپوزیشن لیڈر لطیف اکبر عوامی نمائندگی کے اہل نہیں رہے، کائرہ کے پاس اس بیان کے دوران خاموش بیٹھ کرلطیف اکبر نے کشمیریوں کے سر شرم سے جھکا دیے۔چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور احمد خان بدھ کے روز چیئرمین زکوۃ میر عدیل اور تحریک انصاف کے راہنما حاجی گل خنداں کے ہمراہ پی آئی ڈی کمپلیکس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مشیر امور کشمیر قمر الزمان کائرہ کے بیان سے مسئلہ کشمیر اور کشمیر کاز کو شدید نقصانات ہو ا ہے۔لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب رہنے والے کشمیری بھائی بھی اس بیان سے شدید تذبذب کا شکار ہیں۔ تحریک انصاف کی تمام سیاسی تنظیمیں احتجاج کی کال دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم آزادکشمیر کے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ریاستی تشخص، مالی و انتظامی اختیارات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

غازی آباد میں مجاہد اول کی برسی سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے واضح کیا تھا کہ وہ اپنی قبر پر غداری کا ٹیگ نہیں لگوا سکتے۔ آزادکشمیر کے انتظامی اختیارات پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔ اختیارات میں بہتری لانے کی صورت میں پندرہویں ترمیم کو دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آزادکشمیر کے مختص بجٹ سے زیادہ ترقیاتی بجٹ دیا جب اس وقت یہاں ن لیگ کی حکومت تھی۔ موجودہ حکومت پاکستان نے شدید مہنگائی کے دور میں آزادکشمیر کے مختص بجٹ پر کٹ لگا دیا تاکہ عملا آزادکشمیر کی حکومت کو مفلوج کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافہ فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے ابھی تک نہیں دے سکے۔ آزادکشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود و خوشحالی کے لیے تمام اقدامات کریں گے۔راجہ منصور نے کہا کہ حلقہ کھاوڑہ کی ترقی میں چوہدری لطیف اکبر سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔میں نے وزیراعظم سے 6 کروڑ کے فنڈز کی منظوری لی جن پر لطیف اکبر نے تمام ترقیاتی منصوبوں پر عدالتی حکم امتناعی جاری کروائے ہوئے ہیں۔لطیف اکبر نے وفاقی اثر و رسوخ استعمال کر کے کھاوڑہ کے منصوبوں کو بجٹ سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ کشمیر کشمیریوں کا ہے۔ کشمیر کے فیصلے کشمیر میں ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کسی کو شش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔راجہ منصور خان نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا کی بندش،میڈیا پرسنز کے خلاف جعلی ایف آئی آرزکی مذمت کرتے ہیں، میڈیا پر پابندیوں لگا کر وفاقی حکومت مشرف کے آمرانہ اقدامات پر بھی سبقت لے گئی۔۔۔۔

close