آزاد کشمیر، بلدیاتی انتخابات 15 اکتوبر کو، حکومتی درخواست مسترد، سپریم کورٹ نے ایک ہی دن انتخابات کرانے کا حکم دے دیا

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزاد کشمیر میں 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے آزاد جموں کشمیر سپریم کورٹ نے حتمی حکم جاری کردیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات 30 اگست کے بجائے 15 اکتوبر 2022 تک ایک ہی دن میں کرائے جائیں۔ چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم کی سربراہی میں قائم فل کورٹ بینچ نے حکم جاری کر کے بلدیاتی انتخابات کے التواء کے حوالے سے تمام ابہام دور کر دیئے ۔

آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے آزاد کشمیر حکومت کو ایک ہفتہ کے اندر آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کو فنڈز فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم کی سربراہی میں قائم فل کورٹ بینچ نے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کی مدت میں 45 روز کی توسیع کرتے ہوئے آزاد کشمیر حکومت کو 15 اکتوبر تک ایک ہی دن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا حتمی حکم دیا یے آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے 30 اگست تک بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر مزید نظر ثانی کرنے اور جنوری 2023 میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے حکومتی درخواست کو یہ کہہ کرمسترد کریا کہ 30 سال سے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے

اس میں مزید تاخیر کا کوئی جواز نہیں ہے ۔چیف جسٹس سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کی مدت میں 45 روز کی توسیع کرتے ہوئے حکم دیا کہ الیکشن کمشن مرحلہ وار انتخابات کے بجائے پورے آزاد کشمیر میں ایک ہی روز بلدیاتی انتخابات کرائےآزاد جموں کشمیر سپریم کورٹ نے اس سے پہلے تیس اگست تک بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے رکھا تھا آزاد جموں کشمیر سپریم کورٹ نے آج سیکرٹری الیکشن کمشن اور ایڈوکیٹ جنرل کو طلب کر رکھا تھا۔ آزاد جموں کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکرٹری سردار غضنفر خان عدالت میں پیش ہوئے حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل خواجہ محمد مقبول وار عدالت میں پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار راجہ سجاد ایڈووکیٹ نے عدالت کے روبرو اپنا موقف بیان کیا سپریم کورٹ کے حکم کے نتیجہ میں آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے التواء سے متعلق تمام افواہیں اور قیاس آرائیاں دور ہو گئی ہیں۔۔۔۔۔

close