اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ دن اب بہت قریب ہیں جب پوری ریاست کے عوام سبز ہلالی پرچم کے سائے میں اکٹھے ہوں گے۔ اگر پاکستان میں پی ٹی آئی حکومت کو ایک سازش کے تحت اقتدار سے الگ نہ کیا جاتا تو ملکی معیشت کبھی اتنی تباہ حال نہ ہوتی۔
کمزور معیشت کے حامل ممالک دنیا سے اپنی بات نہیں منوا سکتے اور جب تک پاکستان مضبوط معیشت کے طور پر سامنے نہیں آتا بین الاقوامی برادری ہماری بات اس توجہ سے نہیں سنتی جس توجہ کے ساتھ مستحکم معیشت والے ممالک کے مسائل پر توجہ دی جاتی ہے۔مختلف وفود سے گفتگو میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کے نجات دہندہ کے طور پر سامنے آئے تھے اور پاکستان کومضبوط سے مضبوط تر بنا رہے تھے مگر یہ بات ان طاقتوں کو برداشت نہیں ہوئی جو پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں کمزور دیکھنا اور رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 19 جولائی کو جو قرارداد الحاق پاکستان منظور ہوئی تھی اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے کشمیری عوام بے شمار قربانیاں دے چکے ہیں اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے بھارت نے کشمیری عوام کو دنیا کی ہر آسائش کی پیشکش جسے آزادی پسند عوام نے جوتے کی نوک پر رکھا اور اس کے بعد بھارت نے ظلم کے تمام پہاڑ توڑ دیئے مگر وہ کشمیری عوام کو جس طرح خریدنے میں ناکام ہوا تھا اسی طرح ڈرانے میں بھی ناکام رہا اور اب آزادی پسندوں کی جائیداد پر قبضہ کر رہا ہے۔ پانچ اگست 2019کے بدنام زمانہ اقدام کے بعد ایک بھی شخص بھارت سے بات کرنے کو تیار نہیں۔ ہندوستان نے کشمیری عوام سے ان کی شناخت چھین کر اپنے پاؤں پر کلہاڑی کا وار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حالیہ انتخابات نے ثابت کر دیا کہ عمران خان کے کھلاڑی اقتدار کے مرہون منت نہیں اور وہ ہر مرحلہ اور ہر قسم کے حالات میں ان کے ساتھ ہیں اگر آج ملک میں عام انتخابات ہو جاتے ہیں تو پی ٹی آئی ہی وہ واحد جماعت ہے جسے عوام مینڈیٹ دے کر ملک کی باگ دوڑ عمران خان اور اس کی ٹیم کے حوالے کریں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں