وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی، وزیر اعظم آزاد کشمیر نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 21 مارچ کو طلب کر لیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 21مارچ کو اسلام آباد میں طلب کر لیا۔قبل ازیں کابینہ کا اجلاس طلب کرکے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے آزاد کشمیر کابینہ کی طرف سے اظہار یکجہتی کیا گیا تھا،

پی ٹی آئی آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ 27مارچ کے ڈی چوک جلسہ میں کشمیریوں کی بھرپور شرکت و نمائندگی کے لیے حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔ وزیراعظم ہاؤس میں پارٹی راہنماؤں اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کیا، عمران خان پاکستان میں آزاد خارجہ پالیسی کے خالق ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج دنیا میں پاکستان کو اہمیت مل رہی ہے اور عالمی برادری میں پاکستان کی بات سنی جا رہی ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان کو عالمی سازشوں کا شکار نہیں بننے دیا جائے گا، پوری قوم عمران خان کے ساتھ ہے اور 27مارچ کو ڈی چوک میں قوم ثابت کرے گی کہ وہ عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن کو مثبت اور قومی سوچ کا مظاہرہ کرنا چاہیے لیکن اپوزیشن بیرونی قوتوں کی آلہ کار بن چکی ہے اور بیرونی اشاروں پر پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار بنا رہی ہے، اپوزیشن ملک میں افراتفری اور انتشار کی سیاست کے بجائے ملکی مفاد مدنظر رکھ کر فیصلے کر ے،

آج عمران خان کو Absolutely notکی سزا دینے کے لیے ڈرامہ رچایا جا رہا ہے لیکن قوم حقائق جان چکی ہے اور عمران خان کے ساتھ مل کر بیرونی سازشوں کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ کوئی بیرونی اشاروں پر نئے پاکستان کے ممار،تعمیر و ترقی کے ہیرو،آزاد خارجہ پالیسی کے خالق اور کشمیریوں کے سفیر کے خلاف سازشیں کرے، یہ ساری سازشیں ناکام ہوں گی، عمران خان نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیڈر ہیں، پاکستانی قوم عمران خان کے ساتھ ہے اور ساتھ رہے گی۔۔۔۔۔

close