آزاد کشمیر اور مہاجرین کشمیر مقیم پاکستان آج کشمیر ریلی میں بھرپور شرکت کریں، وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اپیل کر دی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور طویل محاصرے کے خلاف آج نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ڈی چوک تک مارچ کیا جائے گا۔ اس مارچ کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی طرف مبذول کرانا ہے، بھارت کے خلاف مارچ میں آزادکشمیر کی تمام سیاسی اور مذہبی قیادت سمیت تمام مکاتب فکرکے افراد شرکت کریں گے۔ آزادکشمیر اور مہاجرین کشمیر مقیم پاکستان اس احتجاجی مظاہرہ میں بھرپور شرکت کریں اور اس مارچ کو کامیاب بنائیں۔

یہ مارچ پوری قوم کا مارچ ہے اس کی کامیابی ہم سب پر فرض ہے۔ عوام الناس نیشنل پریس کلب میں جمع ہوں جہاں سے ڈی چوک تک مارچ کیا جائے گا اور ڈی چوک میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس سے کشمیر ی قیادت خطاب کرے گی۔ وزیرا عظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت بھارت سے آزادی کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہے۔ ہر کشمیری بھارت سے آزادی چاہتا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے لیے کشمیری قوم نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔اور یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے جاندار اقداامات اٹھائے جائیں گے۔ ساری کشمیری قیادت کو اعتماد میں لے کر بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے راولپنڈی، اسلام آباد، مری، واہ کینٹ، گجر خان اور کہوٹہ سمیت دیگر علاقوں میں آباد کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشترکہ مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔۔۔۔

close