یو م یکجہتی کشمیر 5 فروری ، محکمہ اطلاعات ،جامعہ کشمیر ، یکجہتی تقریبات کی بھرپور تشہیر یقینی بنائیں گے،سیکرٹری اطلاعات مدحت شہزاد کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادکشمیر کی سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی مدحت شہزاد کی زیر صدارت یوم یکجہتی کشمیر کے انتظامات کے حوالے سے تقریبات کمیٹی آزاد جموں کشمیر کی سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل اعجاز احمد لون،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خواجہ نعیم بسمل، ایڈیشنل سیکرٹری سروسزخالد سلیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عارف خان،ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ محمد سجاد خان، چیئرپرسن فائن آرٹ ڈیپارٹمنٹ جامعہ کشمیر محترمہ پروفیسررخسانہ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات وقاص احمد ضیاء، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزاکے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران اور یونیورسٹی آف آزاد جموں کشمیر شعبہ فائن آرٹ کے طلباء نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے محکمہ اطلاعات اور جامعہ کشمیر مل کر یوم یکجہتی کی تقریبات کی بھرپور تشہیر کو یقینی بنائیں گے۔ اس سلسلہ میں جامعات کشمیری کلچرل اکیڈمی، سیاحت، اطلاعات، کشمیر لبریشن سیل و دیگر متعلقہ محکمہ جات مل کر مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم، مسئلہ کشمیر اور کشمیری ثقافت و کلچر کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پروگرامات کا انعقاد کریں گے جن میں طلبہ و طالبات سمیت سول سوسائٹی کی خصوصی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ آزادکشمیر کی تمام جامعات میں مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی بربریت کے خلاف دستخطی مہم شروع کی جائے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات و چیئر پرسن تقریبات سب کمیٹی محترمہ مدحت شہزاد نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پاکستان اور کشمیریوں کے لازوال رشتے اور پاکستانی قوم کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ ان کی کمٹمنٹ کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے محکمہ اطلاعات اخبارت کے خصوصی ایڈیشن شائع کرے۔ صدر، وزیراعظم سمیت دیگر کے خصوصی پیغامات تیار کیے جائیں۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے محکمہ جات باہمی کوآرڈینیشن یقینی بنائیں۔ سوشل و ڈیجیٹل میڈیا پر اس حوالے سے خصوصی مہم چلائی جائے۔ تمام انتظامات کو 30 جنوری سے پہلے حتمی شکل دی جائے۔۔۔۔۔

close