حکومت کو موقع دیں ہم انشا اللہ آپ کی مایوسیاں دور کریں گے، صدر آزاد کشمیر کا مظفر آباد میں جلسہ عام سے خطاب

مظفرآباد ( پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے آزاد کشمیر میں پارٹی کی حکومت بنانے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کیا انہیں حکومت کا حصہ بنایا جائے گا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر تعمیر و ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور حکومت کو موقع دیں ہم انشا اللہ آپ کی مایوسیاں کو دور کریں گے۔

عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے حکومت اپنی بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ بطور صدر ریاست میں آزاد کشمیر میں تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں گا اور آزادی کے بیس کیمپ کو صحیح معنوں میں آزاد ی کا بیس کیمپ بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد کے نواح میں دومیشی (راڑہ) کے مقام پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جلسہ عام کی صدارت صدر ریاست کے پرسنل اسسٹنٹ برائے اطلاعات جاوید چوہدری نے کی جبکہ جلسہ عام سے چیئرمین ایم ڈی اے سید اظہر گیلانی، مظہر اعوان، ملک عنایت، راجہ فرح ممتاز، عمران خورشید اعوان، راجہ مدد، شازیہ اعوان، راجہ شیراز، سید چن شاہ کاظمی، چوہدری شاہنواز، اجمل مغل، زین کھوکھر، مظہر خان جدون، تبریز کاظمی، قاری صادق، چوہدری منظور، چوہدری ذوہیب، امین بٹ، باوا بلال، راجہ الیاس، چوہدری اسلم و دیر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے جب صدر ریاست کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا تو میں نے عہد کیا تھا کہ آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنایا جائے گا اور یہاں سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جارہانہ انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کارکن ہمیشہ سے میرا اثاثہ رہے ہیں اور میں جب وزیراعظم تھا تب بھی اور آج بھی جب میں صدر ریاست ہوں میں کارکنوں کے حق کے لیے آواز بلند کرتا رہوں گا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے تعمیر و ترقی کے لیے قردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت پارٹی کارکنوں کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہماری حکومت کشمیر میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی جس سے یہاں خوشحالی، عام آدمی کے مسائل کا حل اور عوام کا معیار زندگی بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔۔۔۔

close