حکومت شفاف بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے تمام وسائل مہیا کرے گی،وزیر اعظم آزاد کشمیر کا بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت بلدیاتی الیکشن کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری آزادکشمیرشکیل قادر خان،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیواحسان خالد کیانی، پرنسپل سیکرٹری ظفرمحمود خان، کمشنر مظفرآبادڈویژن مسعود الرحمن،کمشنر پونچھ ڈویژن عنصر یعقوب،کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری محمد رقیب ودیگر شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک پر تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات 2021میں آزادکشمیر کی انتظامیہ الیکشن کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون رہا، بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کے احکامات پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، حکومت پرامن اور شفاف بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو تمام وسائل مہیا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 31سال سے عام آدمی کو اقتدار سے دور رکھا گیا۔ بلدیاتی الیکشن کے ذریعے اقتدار گراس روٹ لیول تک منتقل ہو گا، اس حوالہ سے سپریم کورٹ آف آزادجموں وکشمیر کا تاریخی فیصلہ بھی آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن جنرل الیکشن سے بڑا چیلنج ہے۔ انتخابات کی جملہ انتظامی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔

مجھے امید ہے کہ آپ اس کو چیلنج کے طور پر لیں گے اور31سال بعد بلدیاتی الیکشن کا خواب پورا ہو گا۔ یہ الیکشن اس لحاظ سے زیادہ توجہ کا مرکز ہوتا ہے کیونکہ یہ محلے کی سطح تک جاتا ہے۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں صرف وعدے ہوتے رہے لیکن عملی اقدامات نہ کیے گئے جس کی وجہ سے عام آدمی اقتدار سے باہر رہا۔ بلدیاتی الیکشن ریاست اور عوام کی ضرورت ہیں۔ یہ کوئی آسان ٹارگٹ نہیں۔مجھے انتظامیہ پر پورا اعتماد ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد پر اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔۔۔۔

close