گوگل سے دنیا کی نمبر ون ویب سائٹ ہونے کا اعزاز چھین لیا گیا، کونسی ویب سائٹ پہلے نمبر پر آگئی؟

اسلام آباد (پی این آئی) گوگل سے دنیا کی نمبر ون ویب سائٹ ہونے کا اعزاز چھن گیا۔ ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ ٹک ٹاک کی ڈومین نے گوگل سے پہلی پوزیشن چھین لی۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ویب سائٹ گوگل سے نمبر ون ہونے کا اعزاز چھن گیا ہے۔ ٹیکنالوجی سکیورٹی فراہم کرنے والی معروف امریکی کمپنی کلاؤڈ فلیئر کی رپورٹ کے مطابق گوگل کی بجائے اب ٹک ٹاک کو دنیا کی نمبر ون ویب سائٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال 2020ء میں ٹک ٹاک دنیا کی دس سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ویب سائٹس میں ساتویں نمبر پر تھی جو کہ اب پہلے نمبر پر براجمان ہو چکی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نمبر ون ویب سائٹ ہونے کا یہ اعزاز گزشتہ سال گوگل کے پاس تھا جبکہ فیس بک دوسرے نمبر پر تھی۔ٹک ٹاک ایک شارٹ ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ ہے جو گزشتہ کچھ عرصے میں تیزی سے مقبول عام کا درجہ حاصل کر گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ ٹک ٹاک کی عوام میں مقبولیت سال 2021ء نومبر کے آخر تک مسلسل اور تیزی سے بڑھتی رہی جس کے باعث یہ گوگل کو شکست دینے میں کامیاب رہی، اور اب یہ دنیا کی نمبر ون ویب سائٹ بن کر ابھری ہے۔ متفرق رپورٹس کے مطابق ٹک ٹاک کی مقبولیت کی ایک وجہ تمام چھوٹے بڑے افراد کا برابر دلچسپی کے ساتھ اس کا استعمال ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ویب سائٹ چینی ساختہ ہونے کے باوجود امریکہ میں بھی بےحد مقبول ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کسی چینی ویب سائٹ کو دنیا کی نمبر ون ویب سائٹ ہونے کا اعزاز ملا ہے۔

close