حکومت تنخواہ دار طبقے کا چولہا بجھنے نہیں دے گی، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ٹیچرز آرگنائزیشن کے عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزادکشمیرمیں تعلیمی اداروں کی زیر تعمیرعمارات کی تکمیل اور دیگر ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ حکومت تنخواہ دار طبقے کا چولہا بجھنے نہیں دے گی۔ایڈہا ک ملازمین کو نوکری سے فارغ نہیں کیا بلکہ گزشتہ حکومت کی جانب سے بنائے گئے ایڈہاک ایکٹ کو منسوخ کیا تاکہ اہل، پڑھے لکھے اور باصلاحیت افراد کی حق تلفی نہ ہو۔ ایڈہاک ملازمین کے مستقبل کے حوالہ سے کمیٹی تشکیل دیں گے جو ایک بہترین میکنزم بنائے گی۔

اساتذہ ایک کمیٹی تشکیل دیں اوراپنے مسائل کے حل کے حوالہ سے سفارشات حکومت کو ارسال کریں۔ اساتذہ کے تمام جائزمطالبات پورے کریں گے۔ ایک کامیاب معاشرے کے قیام کے لیے اساتذہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اساتذہ معاشرے کا باشعور طبقہ ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے بدھ کے روز آزادجموں وکشمیرسکول ٹیچرز آرگنائزیشن کے مرکزی، ضلعی اور تحصیل عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب سے آزادکشمیر کے وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی، وزیر ہائیر ایجوکیشن ملک ظفرا قبال،پارلیمانی سیکرٹری پیر مظہر الحق اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔وزیر قانون،پارلیمانی امورواطلاعات سردار فہیم اختر ربانی، چیئرمین وزیرا عظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور علی خان، سکولز ٹیچرآرگنائزیشن کے عہدیداران،آزادکشمیر بھر سے اساتذہ کرام اور خواتین اساتذہ کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ ایک کامیاب معاشرے کے قیام کے لیے اساتذہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اساتذہ آنے والی نسلوں کے معمار ہوتے ہیں۔ اساتذہ کرام اپنے فرائض محنت، دیانتداری اور ایمانداری سے انجام دیں۔ آج عہد کر کے جائیں کہ اپنی ذمہ داریاں کما حقہ ادا کریں گے۔وزیرا عظم نے کہا کہ اساتذہ کے نام کے ساتھ محترم/محترمہ لکھا اور پکارا جائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے تمام مرکزی و ضلعی عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تدریس ایک پیغمبری پیشہ ہے۔ اس نسبت کے صدقے اساتذہ کرام طلبا کو دیانتداری کے ساتھ تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں۔ محکمہ تعلیم میں مزید اصلاحات لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای ٹرانسفر اور ای سٹوڈنٹس سسٹم لا رہے ہیں۔ ٹیچر ز پورٹل،سٹوڈنٹس اور پیر نٹس پورٹل بھی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا سارا نظام کمپیوٹرائزڈ کریں گے۔ وزیر ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال نے کہا کہ تمام مرکزی، ضلعی و تحصیل کے عہدیداران کو مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں ہمارے بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اساتذہ کرام سے ریاست کے بچوں کا مستقبل وابستہ ہے۔ اساتذہ اپنے فرائض محنت اور دیانتداری سے انجام دیں تو ایک مثالی معاشرہ تعمیر ہو سکتا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری پیر مظہر الحق نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کے معزز لوگ ہیں اور پیغمبری پیشہ سے منسلک ہیں۔بچے اساتذہ کے پاس امانت ہیں۔ اساتذہ نے آنے والی نسلوں کی تربیت کرنی ہے۔ قبل ازیں سکول ٹیچرز آرگنائزیشن کے مرکزی اور ضلعی عہدیداران سے وزیراعظم آزادکشمیر جبکہ تحصیل عہدیداران سے وزیرتعلیم دیوان علی خان چغتائی نے حلف لیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close