مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے ،راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا خطاب

راولپنڈی (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں ،ہم سب کو مل کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے کوششیں کرنی چاہیں تاکہ بھارت کو دفاعی پوزیشن پر لایا جا سکے۔ آج مجھے خوشی ہے کہ یہاں پاکستان کی تمام قیادت اس کشمیر کانفرنس میں موجود ہے اگرچہ آزادکشمیر میں تو ہم تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیرپر متحد ہیں لیکن اس کانفرنس کا فائدہ یہ ہو گا کہ اس سے دنیا میں ایک اچھا پیغام جائے گا کہ مسئلہ کشمیر پر ہم سب متحد ہیں ہم کشمیریوں کی ہمیشہ سے یہ خواہش رہی ہے کہ پاکستان مضبوط اور مستحکم ہو کیونکہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں راولپنڈی میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کشمیر کانفرنس کی صدارت صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کی جبکہ کشمیر کانفرنس سے صدر راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سردار رازق خان، سابق چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری، مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگذیب، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہر یار خان آفریدی، آزادکشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان، حریت کانفرنس کے مرکزی رہنما سید یوسف نسیم، جماعت اسلامی پنجاب کے امیر طارق سلیم اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرسردار رازق خان نے کانفرنس کے تمام شرکاء کے دستخطوں سے ایک مشترکہ قرارداد بھی منظور کرائی جس میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سردار رازق خان نے واضح کیا کہ ہم اس قرارداد کو اقوام متحدہ، یورپی یونین، مختلف ممالک کی پارلیمنٹس، ہیومن رائٹس اور دیگر فورمز پر بھیجیں گے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ہم سب ایک ہیں اور میں صدر راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سردار رازق کو اس کانفرنس کے شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ اس سے مقبوضہ کشمیر میں ایک اچھا پیغام جائے گا اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے دورے کیے کیونکہ گزشتہ دو سال سے کرونا کی صورتحال کی باعث بیرون ملک ہمارا کشمیری ڈائسپورہ غیر متحرک تھا میرے اس دورے سے بیرون ملک کشمیریوں کو متحرک کرنے میں مدد ملی اور مسئلہ کشمیر پر دنیا کو کشمیریوں کا موقف سننے کا موقع ملا۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے بیرون ملک دوروں میں وہاں کے ممبران پارلیمنٹ، تھنک ٹینکس اور انٹرنیشنل میڈیا کو مسئلہ کشمیر پر بریفنگ دی جس سے ہمیں جہاں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملی وہاں پر انٹرنیشنل کمیونٹی کی حمایت بھی حاصل ہوئی۔ ۔۔۔۔

close