آزاد کشمیر، پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی کی رہائش گاہ پر محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم

 

مظفرآباد (پی آئی ڈی) ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی نے اپنی رہائشگاہ پر محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا۔ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل میلاد کی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ تقدیس گیلانی نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ اخلاق حسنہ و سیرت طیبہ کے اعتبار سے وہ منور آفتاب ہے جس کی ہرجھلک میں حسن خلق نظر آتا ہے۔

نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم سارے جہانوں کے لیے رحمت بن کر آئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ حسنہ سارے عالم کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا شباب مجسم حیاء اور عصمت و وقار کا کامل نمونہ تھا۔ اعلان نبوت سے پہلے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تمام حیات مبارکہ بہترین اخلاق و عادات کا خزانہ تھی صداقت ودیانت کم گوئی، ایفائے عہد، خندہ پیشانی، خوش اخلاقی، چھوٹوں سے محبت، بڑوں سے شفقت، صلہ رحمی، غمخواری، غریب پروری، عفو و درگزر، مخلوق خدا کی خیرخواہی الغرض آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ اخلاص حسنہ و محاسنہ افعال کا مجسمہ اور تمام عیوب و نقائص سے پاک تھی۔ بلا شعبہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کردار انسانیت کا ایک ایسا محیرالعقول اور غیر معمولی کردارہے جو نبی کے علاوہ کسی کا ممکن ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ اتباع رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ اللہ رب العزت امت مسلمہ کو سنت نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائیں ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close