وزیر اعظم آزاد کشمیر کی چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات، سیاحت کے فروغ اور صنعتی ترقی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی اور چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی پارلیمنٹ میں ملاقات۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کے فروغ اور صنعتی ترقی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی حالیہ انسانیت سوز کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جعلی پولیس مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے اور ان کے جسد خاکی تک ورثا کو نہیں دیے جا رہے، بھارت بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے۔پاکستانی قوم اور حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایل او سی پر رہنے والے لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی انتہائی ضروری ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے آزاد کشمیر میں سیاحت اور ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے فروغ کے لیے آزاد کشمیر حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت آئے روز بڑھ رہی ہے،مقبوضہ کشمیر کا پڑھا لکھا نوجوان تحریک آزادی کیلئے قربانیاں دے رہا ہے، عالمی برادری کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر آنکھیں کھل جانی چاہیے،خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے جڑا ہوا ہے، عالمی برادری کو اس کا ادراک ہونا چاہیے، وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے، جلد ریاست کے عوام کو ریلیف فراہم کریں گے، آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے اثرات مقبوضہ کشمیر پر بھی ہوں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے منسٹر انکلیو میں وزیر داخلہ شیخ رشید سے ملاقات کی اور ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کی، وزیراعظم نے مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ان کی مغفرت کیلئے بھی دعا کی۔۔۔۔

close