کارکنوں کو عزت ملے گی، ان کے تحفظات دور کریں گے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب

کوٹلی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کوووٹ دیا، یہ عمران خان کا ہی ووٹ بینک تھا جس نے تحریک انصاف آزاد کشمیر کے امیدواروں کو کامیاب کیا۔ تحریک انصاف کے کارکنان نے پارٹی کی مضبوطی اور کامیابی میں کلیدی کردار کیا جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کارکنوں کو عزت ملے گی جو کارکنوں کو عزت نہیں دے گا اسے حساب دینا پڑے گا، کارکنوں کے تمام تحفظات دور کریں گے، جلد آزاد کشمیر بھر کے دورے کر کے کارکنان اور عوام سے ملاقاتیں کروں گا، عوام کے مسائل ان کہ دہلیز پر حل کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹلی کے مقام پر تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سابق امیدوار اسمبلی ملک یوسف کی قیادت میں ملنے والے پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر حکومت ظفر اقبال ملک بھی موجود تھے۔وزیراعظم آزاد کشمیر کے سامنے کارکنان نے کوٹلی شہر کے مسائل رکھے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ جون سے قبل بلدیاتی الیکشن کروائیں گے، کارکنان بھرپور تیاری کریں، بلدیاتی الیکشن کے ذریعے گراس روٹ تک نمائندگی دیں گے۔ پارٹی کو مزید مضبوط بنائیں گے تاکہ بلدیاتی الیکشن اور پانچ سال بعد جنرل الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کر سکیں۔۔کوٹلی کو اپنا حلقہ سمجھتا ہوں، یہاں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیالیس کی جدو جہد کے بعد اللہ نے وزارتِ اعظمی کا منصب عنایت فرمایا۔ پوری زندگی سیاسی جد وجہد میں گزر گئی، میں کارکنوں کی تکالیف اور احساسات کو سمجھتا ہوں، کارکن جماعتوں کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ ملک یوسف نے الیکشن بھرپور انداز میں لڑا، انہیں یقین دلاتا ہوں کہ ان کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کروں گا، کوٹلی والے پریشان نہ ہوں، ان کی بھرپور نمائندگی ہو گی۔۔۔۔

close