چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کی وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ملاقات

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے سفیر اور امید کی ایک کرن ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں 9 کشمیری نوجوانوں کی ماورائے عدالت قتل کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے جس کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔ بھارتی قابض فوج کا نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے مظاہرے نے بین الاقومی قوانین کی دھجیاں اڑا کر رکھ دی ہیں،کشمیری بھارت کے کسی اقدام کو تسلیم نہیں کرتے اور بھارت کے غاصبانہ اور جارحانہ اقدامات کے خلاف پوری قوم ایک ہے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کشمیریوں کے سفیر کی حیثیت سے جو غیر معمولی کام کئے ہیں اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں عمران خان کشمیریوں کیلیے امید کی ایک کرن ہیں۔مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام اکیلے نہیں ہیں۔5 اگست کے بعد سے مقبوضہ کشمیر ایک انسانی جیل ہے جس کا بیرونی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں۔وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے نے چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق راے شماری کے علاوہ مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نہیں، بھارتی فوج نے گذشتہ ایک ہفتے سے سرینگر کے کئی علاقوں میں ظلم و جبر کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران نوجوانوں کو ماورائے عدالت شہید کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کے ان عوام کش اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیر کی اصل صورتحال کا علم ہونے کے بعد اب ظلم کے شکار کشمیریوں کی زبانی حمایت سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان مظلوم کشمیریوں کی توانا آواز بنے ہیں اور انہوں نے عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بہترین انداز میں اجاگر کیا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیری عوام کو حق دیا جائے کہ وہ اپنی آزادانہ مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔۔۔۔۔

close