حکومت آزاد کشمیر لاک ڈاؤن سے متاثرہ دیہاڑی دار طبقہ کے لیےریلیف پیکج عید سے قبل فراہم کرے، سردار عتیق احمد خان

راولپنڈی، مظفرآباد (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کرونا ایک عالمی وبا ہے اس سے بچنے کے لئے ایس او پیز کو مدنظر رکھاجائے، حکومت آزاد کشمیر فی الفور لاک ڈاؤن سے متاثرہ دیہاڑی دار طبقہ کیلئے ریلیف پیکج عید سے قبل فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، تاکہ دیہاڑی دار طبقہ کے بچے بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں، اس موقع پر مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے مال و دولت سے غرباء کی مدد کریں تاکہ اللہ ہم سے راضی ہو،احتیاط وہ حل ہے جو کسی بھی حالات میں معاون ثابت ہوتی ہے، اللہ نہ کرے کہ کرونا وائرس جیسے اس وقت ہندوستان میں تباہی پھیلا رہا ہے ایسی لہر ادھر آئے،ایسے حالات میں نہ صرف دیہاڑی دار طبقہ بھوک سے مر جائیں گے بلکہ ملک 70 ء کی دہائی میں جا سکتا ہے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے مجاہد منزل میں آئے مختلف وفود ممبر پارلیمانی بورڈ سردار منظور خان، منڈول سے سید عارف حسین شاہ،سردار جاوید خلیل عباسی، چوہدری رفیق محمدی،ڈاکٹر عابد عباسی، صاحبزادہ حفیظ عباسی، محمد سعید کیانی صبغت اللہ عباسی،یوتھ ونگ کے رہنما سردار واجد حنیف، اور صمد رفیق،راجہ عثمانی کیانی، عاطف سکندر اور ملک عمران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا کرونا سے گھبرانہ نہیں بلکہ اس کا مقابلہ صرف لڑ کر ہی کیا جا سکتا ہے، اس سے چھٹکارے کا واحد طریقہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، عوام اور اپنے عزیز و اقارب کی بہتری اسی میں ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کی ہدایت پر سختی سے عمل کیا جائے، انسانی زندگیاں بچانے کے لئے اہم ہے کہ سیاسی و سماجی او ر کاروباری سرگرمیوں کو فی الوقت محدود کرکے اس وباء کے پھیلاؤ کو کم کیا جا سکے، کیونکہ انسانی جانوں سے زیادہ اہم کاروبار اور سیاسی سرگرمیاں نہیں، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ عید کی آمد آمد ہے رمضان المبارک ماہ میں توبہ استغفار کاکثرت سے ورد کرتے ہوئے اپنے اردگر د مستحق افراد کی بھی مدد کرنی چاہیے، حکومت پاکستان اس وباء قابو پانے کے لئے بھرپور کوشش کررہی ہے تاہم عوام کے تعاون بغیر اس موذی مرض کو شکست دینا مشکل ہے، اس طرح کے حالات انسانیت کے لئے آزمائش کی حیثیت رکھتے ہیں عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے بچنے کے لئے احتیاط ہی واحد حل ہے، رش والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کریں، ہاتھ صفائی کے ساتھ بار بار دھوئیں، لاک ڈاؤن کے دوران انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، عید کے موقع پر نماز عید مقامی مساجد میں ادا کریں، احتیاط کوشش جبکہ نجات اللہ کی جانب سے انعام ہے۔سردار عتیق احمد خان نے مذید کہا کہ عید کے بعد اگر حالات اچھے ہوئے تو بھرپور طریقے سے الیکشن مہم تیز کرینگے۔کارکن لنگوٹ کس لیں کرپٹ اور کمیشن مافیا حکمرانوں کے احتساب کا وقت آ چکا۔۔۔۔۔

close