پیپلز پارٹی کی بھرپور عوام رابطہ مہم نے ثابت کر دیا ہے کہ مخالفین کے خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکیں گے، چوہدری لطیف اکبر

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیرکے صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر مضبوط، منظم اور متحرک عوامی قوت بن چکی ہے۔ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت اور آزاد کشمیر میں (ن) کی حکومت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی روزبروز بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہو کر

سازشوں کے سہارے اپنا امیج بڑھانے میں مصروف ہیں لیکن پیپلز پارٹی کے اتحاداور اتفاق بھرپور عوام رابطہ مہم نے ثابت کر دیا ہے کہ مخالفین کے خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکیں گے۔ پیپلز پارٹی آزادکشمیر انتخابات 2021ء میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے آزاد خطہ کی سب سے بڑی پارلیمانی پارٹی بن کر مضبوط اور مستحکم حکومت بنائے گی۔ وہ گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین کی رہائش گاہ پر پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔کور کمیٹی کے اس اہم اجلاس میں سابق صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان، اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین، سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف، سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور، سیکرٹری اطلاعات سردار جاوید ایوب، نائب صدور میاں عبدالوحید، افسر شاہد ، سردار امجد یوسف، آرگنائزر کشمیر اظہر حسین گیلانی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جاویداقبال بڈھانوی، انچارج سوشل میڈیا و ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شاہین کوثر ڈار، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و انچارج مرکزی دفتر پی پی پی آزادکشمیر سید عزادار حسین کاظمی اور پیپلز یوتھ آرگنائزریشن آزادکشمیر کے چیئرمین سردار ضیاء القمر نے شرکت کی۔ اجلاس میں چوہدری لطیف اکبر نے میڈیا نمائندگان کو بتایا ہے کہ آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات 2021ء کے لئے باہمی اتفاق رائے سے مشاورت کے بعد متعدد فیصلے کئے گئے

جس کی رپورٹ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کو جلد پیش کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی، مسلم کانفرنس اور (ن) لیگ سے ہرگز انتخابی اتحاد نہیں ہوگا۔ تاہم دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے آپشنز موجود ہیں۔ آزادکشمیر کے تمام حلقوں میں پیپلز پارٹی کے پاس مضبوط امیدوار ہیں اس طرح مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 حلقوں میں بھی پیپلز پارٹی بھرپور قوت سے الیکشن لڑنے کی پوزیشن میں ہے۔ پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر نے کہا ہے کہ آمدہ انتخابات کو صاف و شفاف بنانے کے لئے الیکشن کمیشن آزادکشمیر کا کلیدی کردار ہے اور ہم موجود چیف الیکشن کمیشن سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ ان انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ کرانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر سمجھتی ہے کہ آزاد خطہ ایک حساس خطہ ہے جہاں پر ووٹ کے تقدس کی بے حرمتی اور انتخابی کشیدگی تحریک آزادی کشمیر کے لئے نقصان دہ ہے لہٰذا ہم آزادکشمیر میں فوج کی زیر نگرانی انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن یہ ہرگز نہیں چاہتے کہ فوج کی تعیناتی پولنگ اسٹیشنز کے اندر ہو اور نہ ہی یہ چاہتے ہیں کہ فوج انتخابی عمل میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرے صرف اور صرف انتخابات کو پرامن بنانے کے لئے یہ مطالبہ کرتے ہیں۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ وفاقی

حکومت یا پھر آزادکشمیر حکومت کو ہرگز اس کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہاں انتخابات کو چرائیں یا پھر دھاندلی کریں۔ اس ضمن میں امیدواروں کو چمک یا دھونس کے ذریعے مرغوب کر کے وفاداریاں تبدیل کرنے کی بھی شدید مزاحمت کریں گے۔چوہدری لطیف اکبر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے (ن) لیگ کی حکومت کو متنبہ کیا کہ فی الفور آزادکشمیر میں آٹے کی قیمت کو کم کر کے پرانی قیمت پر فراہم کیا جائے اور جوانہوں نے آزادکشمیر میں غریب عوام پر جو اپنے حقوق کی خاطر پرامن احتجاج کررہے تھے ریاستی پولیس کی جانب سے پولیس گردی کا تدارک کرے بصورت دیگر حکومت کے خلاف اور اس مطالبے کے حق میں آزاد کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائینگے۔۔۔۔

close