سینٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کے زیر اہتمام آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس غلام مصطفی مغل کے اعزاز میں الوداعی تقریب

مظفرآباد (پی این آئی) سینٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کے زیر اہتمام آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس غلام مصطفی مغل کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی، تقریب سے قائم مقام چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان،قائم مقام چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس اظہر سلیم بابر،سینئر

جج ہائیکورٹ جسٹس محمد شیراز کیانی، جج ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ، سابق چیف جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء،ایڈووکیٹ جنرل آزادکشمیر راجہ انعام اللہ خان، صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن ناصر مسعود مغل ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری سینٹرل بار احمد نواز تنولی ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔تقریب میں چیئرمین سروس ٹریبونل خواجہ نسیم، ممبر سروس ٹریبونل راجہ منظور، جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بار راجہ الطاف، صدر ہائیکورٹ بار راجہ آصف بشیر، ممبران آزادجموں وکشمیر بار کونسل شوکت عزیزاور مقبول وار، سابق صدر سپریم کورٹ بار منظورقادر ایڈووکیٹ، سینئر قانون دان راجہ حنیف، عبدالرشید عباسی ، ڈسٹرکٹ و سیشن جج مظفرآباد راجہ امتیاز کے علاوہ آزادکشمیر بھر سے ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشنز کے صدور و جنرل سیکرٹریز،سابقہ صدور بار ایسو سی ایشنز، ممبر بار کونسل اور سینٹرل بار کے اراکین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ بار اور بیچ لازم و ملزوم ہیں۔عدلیہ اسی صورت باوقار ہوگی جب بار باوقار ہوگی۔ جسٹس مصطفی مغل کے ساتھ دیرینہ تعلق رہا ہے اور ان کے ساتھ زندگی کا خوبصورت وقت گزرا۔جسٹس غلام مصطفی مغل کی صورت میں ایک عظیم ساتھی ریٹائر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جسٹس غلام مصطفی مغل نے بطور چیف

جسٹس ہائیکورٹ، چیف الیکشن کمشنر اور بطور جج سپریم کورٹ شاندار خدمات انجام دیں اور ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر جج جناب جسٹس غلام مصطفی مغل نے کہاکہ ریٹائرمنٹ کے بعد اچھے الفاظ میں یاد رکھنا ہی اصل اثاثہ ہے، اللہ کے فضل اور وکلا کی طاقت سے کبھی ہمت نہیں ہاری، آزاد کشمیر کے وکلا نے عدلیہ کی بحالی میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا، عدلیہ اور بار اگر ایک صفحے پر ہوگی تو اسے باہر سے کوئی خطرہ نہیں، اس بات پر ہمیشہ یقین رہا کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ ہے، آزاد کشمیر کی عدلیہ کو نازک مرحلے کا سامنا ہے، غیر جانبدارانہ اور آزادانہ فیصلے کرنا ججوں کی ذمہ داری ہے، وکیل کا پیشہ عدلیہ اور قانون کی بالادستی کے فروغ کا متقاضی ہے۔انہوں نے کہاکہ بار ایسوسی ایشن کا کردار قانون کی حکمرانی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پروقار تقریب کے انعقاد پر سینٹرل بار کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ نے جو عزت دی ہمیشہ یاد رہے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ جسٹس اظہر سلیم بابر نے کہاکہ بطور وکیل جسٹس غلام مصطفیٰ مغل نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، انھوں نے بطور چیف جسٹس آزاد کشمیر انفراسٹرکچر اور مراعات میں کلیدی کردار ادا کیا، رقم کیے گئے فیصلے قانون کے طالب علموں کے لیے مشعل راہ کی حیثیت

رکھتے ہیں، طویل آئینی خدمات ادا کرنے پر آپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جہاں ایک طرف ہماری عدلیہ بہترین جج سے محروم ہو رہی ہے وہیں ان کے فیصلے قانون کے طالب علموں کی راہنمائی کرتے رہیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر سینٹرل بار ناصر مسعود مغل ایڈووکیٹ نے کہاکہ رول آف لاء اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے جسٹس غلام مصطفیٰ مغل کی شاندار خدمات ہیں، انصاف کی فراہمی میں عدلیہ کا کردار بڑا اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ جسٹس غلام مصطفی مغل ہمارے لیے رول ماڈل ہیں۔انہوں نے کہا کہ رول آف لاء کی ہر تحریک میں ہائی کورٹ بار عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ سنٹرل بار آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل احمد نواز تنولی ایڈووکیٹ نے اپنے خطا ب میں متنبہ کیا کہ آزادکشمیر میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو عرصہ ایک سال سے مستقل نہیں کیا جا رہا جو آئین،قانو ن اور سپریم کورٹ آزادجموں وکشمیر اور سپریم کورٹ پاکستان کے فیصلوں کی صریحی خلاف ورزی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس صاحبان کو اگر فوری طور پر مستقل نہ کیا گیا تو سنٹرل بار سمیت آزادکشمیر کی تمام بار ایسوی ایشنز تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گی اور راست اقدام سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ بار پونچھ، ڈسٹرکٹ بار باغ، ڈسٹرکٹ بار کوٹلی، ڈسٹرکٹ

بار میرپو ڈسٹرکٹ بار نیلم،تحصیل بار پٹہکہ اور دیگر تمام بار ایسوسی ایشنز نے چیف جسٹس سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی مستقلی میں غیر معمولی تاخیر کو آئین اور قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ تقریب میں کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی وباء کے پیش نظر SOP,sکو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب فاصلہ کا خیال رکھا گیا۔ تقریب آمد پر آزادکشمیر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے چیف جسٹس آزادکشمیر راجہ سعید اکرم خان وسینئر جج سپریم کورٹ جسٹس غلام مصطفی مغل کو سلامی پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر تقریب کے مہمان خصوصی جسٹس غلام مصطفی مغل کو سنٹرل بار کے صدر و جنرل سیکرٹری نے تحائف پیش کیے۔۔۔۔

close