کوئی بھی باغیرت کشمیری مسلمان ہو،ہندو ہو یا سکھ، عیسائی ہو یا یہودی ریاستی تشخص پر سمجھوتہ نہیں کر سکتا، سر دار عتیق احمد خان

پلندری(پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان کہا کہ دارالعلوم تعلیم القرآن پلندری آزادکشمیر میں معیاری اور بامقصددینی تعلیم کے فروغ اور فرقہ واریت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ قاری مسعود یوسف کی وفات پر ہر طبقہ فکر کے علماء نے

اظہار تعزیت کیا ہے۔ شیخ الحدیث مولانا محمد یوسف مرحوم نے مجاہداول سردار محمد عبدالقیوم خان کے ساتھ ملکر تحریک آزادی کشمیر، اسلامی نفاذ کے لیے بنیادی کام کئے ہیں۔ سردار عتیق احمد خان نے ان خیالات کا اظہار یہاں دارالعلوم تعلیم القرآن میں جمیعت علمائے اسلام کے امیر مولنا سعید یوسف کے بھائی اور ناظم اعلیٰ تعلیم القرآن قاری مسعود یوسف کے انتقال پر سوگوارخاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مرحوم کی دینی، علمی، سماجی اور سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی۔ اس موقع پر مولانا سعید یوسف خان نے سردار عتیق احمد خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم پلندری اور مجاہد اول سردار محمد عبدالقیو م خان کا دیرینہ تعلق رہا ہے۔ مولانا محمد یوسف خان مرحوم اور مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے جو تعلقات قائم تھے یہ سلسلہ نئی نسل میں بھی جاری و ساری ہے۔ انھوں نے مولانا محمد یوسف خان کی سوانح عمری بھی سردار عتیق احمد خان کو پیش کی۔ اس موقع پر مسلم کانفرنس کے مرکزی نائب صدر سردار محمد حبیب خان، ضلعی صدر سردار عابد رزاق خان، ممبران مجلس عاملہ سردار محمد حلیم خان ایڈووکیٹ، ملک سجاد ضیاء ایڈووکیٹ،سردار تسنیم احمد خان، ملک ذوالفقار ایڈووکیٹ، سردار شبیر عباسی ایڈووکیٹ، صدر حلقہ سردار سعید سلطان، مظہر آکاش اور فیضان اظہر ایڈووکیٹ سمیت بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی عہدیداران و کارکنان موجود تھے۔ سردار عتیق احمد خان نے راولپنڈی روانہ ہونے سے قبل مقامی ریسٹ ہاؤس میں جماعتی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی باغیرت کشمیری مسلمان ہو،ہندو ہو یا سکھ، عیسائی ہو یا یہودی ریاستی تشخص پر سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ اگست 2019 کے اقدامات ہندوستان کے گلے پڑ گئے۔ 70 سال تک ہندوستان کے گُن گانے والے فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے بھی تنگ آ کر ہندوستان کے مقابلے میں چین کے ساتھ ملنے کی جو دھمکی دی ہے وہ نوشتہ دیوار ہے۔ دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد جموں کے پنچاہتی انتخابات میں بی جے پی کو عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نریندر مودی کو جلد بدیر کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرنا پڑے گی۔ ہندوستان نواز جماعتوں کا حکومت کے خلاف اتحاد قائم کرنا بڑی پیش رفت ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل پر پابندی سے ہندوستان کی فسطائیت کا چہرہ بے بقاب ہو گیا ہے۔ انھوں نے مسلم کانفرنسی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ جماعت کی مضبوطی کے لیے کام کریں۔ آزادکشمیر کی سیاست میں آئندہ دو ماہ بہت اہم ہیں۔ الیکشن سے قبل آزادکشمیر میں نئی صف بندیاں ہونگی۔ جس کے لیے ہمیں تیار رہنا ہوگا۔ ناراض ساتھیوں سے رابطے کریں۔ انھوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کو آزمائش میں ڈالنے والے سزا بھگت رہے ہیں۔ پاکستان میں پی ڈی ایم کو میاں نواز شریف کے فوج مخالف بیانیہ سے ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ بہت جلد یہ جماعتیں ایم آر ڈی کی طرح تتر بتر ہو جائیں گی۔ سابق وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں واضح کیا کہ مسلم کانفرنس وہاں کے لوگوں کو آزادکشمیر کے طرز پر حقوق دینے کی داعی ہے۔ صوبہ بنانے سے مسئلے حل نہیں ہوتے۔ صوبہ ہونے کے باوجود بلوچستان کے لوگ پسماندگی کا شکار ہیں۔ آزادکشمیر کے لوگ پاکستان کے دیگر علاقواں سے بہتر زندگی گزار رہے ہیں۔

close