حکومت آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کی رابطہ عوام مہم اور ورکرز کنونشن میں جوش و خروش دیکھ کر گھبرا گئی ہے، چوہدری لطیف اکبر کا خطاب

عباسپور (پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر الیکشن 2021ء بھاری اکثریت سے جیتے گی اور آزاد خطے میں چوتھی مرتبہ حکومت بنا کر علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔

آزادکشمیر کے عوام نے (ن) لیگ کی نااہل اور ناکام حکومت کو بھی دیکھ لیا ہے جنہوں نے اپنے دور اقتدار میں ایک بھی میگا پراجیکٹ نہیں دیا اور نہ ہی کوئی قابل ذکر ترقیاتی منصوبہ دیا ہے۔ اسی طرح پی ٹی آئی کی وفاق میں حکومت سے عوام بیزار ہو چکے ہیں اور وہ عمران کی سلیکٹڈ حکومت سے جلد از جلد نجات حاصل کرنے کے لئے بے قرار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ عباسپور میں پارٹی کے ایک بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت سردار اخلاق ایوب ایڈووکیٹ نے کی۔ ورکرز کنونشن سے سابق صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان، چوہدری پرویز اشرف، سردار امجد یوسف، سردار عابد حسین عابد، ضیاء القمر، سردار عبدالقیوم ایڈووکیٹ، چوہدری جاوید ایڈووکیٹ، فیصل نسیم، سردار غفور و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر پیپلز پارٹی کی عوام رابطہ مہم اور ورکرز کنونشن میں عوام کے جوش و خروش کو دیکھ کر گھبرا اٹھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیر قانون فاروق طاہر نے اپنی ناکامیوں اور کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کے لئے ریاستی دہشت گردی اور غنڈہ گردی کی۔ جس کے باعث پیپلز پارٹی کا جیالا بشارت شہید ہوا اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرائے۔ ہم ورکرز کنونشن کے ذریعے حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ آزاد خطہ میں سیاسی رواداری اور شائستگی کو برقرار رہنے دے اور سیاست میں دہشت گردی کے عنصر کو شامل کرنے سے باز رہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے جیالوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے صبر و تحمل سے اپنی انتخابی مہم کو آگے بڑھانا ہے آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی بنے گی۔ (ن)لیگ اپنی دائمی عمر پوری کر چکی ہے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر و وزیراعظم آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے جو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کشمیر کی آزادی اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے نہایت مخلص ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے ازلی دشمن مودی سرکار کے لئے انتخابات میں کامیابی کے لئے کوشاں اور دعاگو تھے اور بھارت سے امن کیلئے مودی کا زینہ استعمال کرنا چاہتے تھے لیکن اُن کی ناکام خارجہ پالیسی سے آج مقبوضہ کشمیر کے عوام کو سوا سال ہو گیا ہے لاک ڈائون اور نہایت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ ماضی کے وزیراعظم اور (ن) لیگ کے سربراہ محمد نوازشریف نے نریندر مودی سے خاندانی راہ و رسم استوار کر رکھے تھے اور جندال جیسے بزنس مین سے فیملی اور بزنس تعلقات کی بنا پر کشمیری عوام کی قربانیوں سے غداری کے مرتکب ہوئے ہیں۔ سردار یعقوب خان نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے عوام پر فخر ہے جو کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے ہمارے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کے طور پر کھڑے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی قوت بن چکی ہے۔ پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی خواہش رکھنے والے خود اس دنیا اور سیاست سے آئوٹ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے عباسپور کے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ جس بڑی تعداد میں انہوں نے قائدین کا استقبال کیا اور ورکرز کنونشن کو کامیاب کیا اُس کے لئے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ عباسپور سے پیپلز پارٹی کے امیدوار اور پارٹی کے مرکزی نائب صدر سردار امجد یوسف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آزادکشمیر سیاست میں ایک فعال اور متحرک کردار ادا کر رہی ہے اور متحد و متفق ہو کر اور عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار آئندہ انتخابات میں حصہ لے گی اور انتخابات 2021ء میں پیپلز پارٹی آزادکشمیر دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو کر ایک مستحکم حکومت بنائے گی اور پیپلز پارٹی کے منشور اور پروگرام کے تحت آزاد خطہ میں ایسے میگا پراجیکٹ لائے گی جو ماضی کی حکومت کے دوران مکمل نہیں کر سکے تھے۔ انہوں نے عباسپور کے پارٹی ورکرز، پی وائی او، پی ایس ایف اور خواتین ونگ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ورکرز کنونشن کو کامیاب کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ورکرز کنونشن سے قبل پیپلز پارٹی کے مہمان قائدین کو گھمیر سے ایک بڑے جلوس اور ریلی کی مشکل میں کنونشن کے مقام پر لایا گیا۔۔۔۔

close