پاک فوج جہاں بھی جاتی ہے سبز ہلالی پرچم کو فخر کے ساتھ بلند رکھتی ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سعودی عرب روانہ ہونے والے پاک فوج کے دستوں کے اعزاز میں پاک فوج کی جانب سے ایک پروقار اور تاریخی الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے دفاعی تعلقات کا مظہر ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاک فوج کے جوانوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان اٹوٹ جذبے اور مکمل عزم کے ساتھ عزت، نظم و ضبط اور اخوت کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے اپنی خدمات انجام دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ یہ تاریخی تقریب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہری اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کی بھرپور عکاسی کرتی ہے، جس کی مضبوط بنیاد باہمی اعتماد، ایمان اور احترام پر قائم ہے۔

خواجہ آصف نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دنیا میں جہاں بھی جاتی ہے، سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ فخر اور وقار کے ساتھ سربلند رکھتی ہے۔