نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف جرم ہے، مراد علی شاہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچستان کے علاقے کوہلو میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ہاتھوں 11 مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نہتے اور محنت کش مزدوروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو کھلی بربریت قرار دیتے ہوئے کہا کہ روزی کمانے والے معصوم مزدوروں کا قتل انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔

سید مراد علی شاہ نے جاں بحق ہونے والے تمام مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سندھ حکومت اور عوام متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے۔