دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مولانا فضل الرحمان سمیت سب کو شامل ہونا چاہیے، رانا ثنا اللہ

فیصل آباد میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مولانا فضل الرحمان سمیت سب کو شامل ہونا چاہیے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بہت سینئر سیاست دان ہیں لیکن شہدا کے متعلق انہوں نے جو بات کی وہ نامناسب تھی، شہدا قوم کے محسن ہیں، اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، دہشت گردی میں جان قربان کرنے والے پوری قوم کی ریڈ لائن ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کامیابی ملک کے لیے ناگزیر ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بلاول بھٹو جنوبی پنجاب صوبہ بننے کے حق میں ہیں اور سندھ کی تقسیم پر متفق نہیں، ان معاملات پر پارلیمنٹ میں بات ہونی چاہیے اور اتفاق رائے سے آگے بڑھانا چاہیے، نواز شریف اور شہباز شریف کی کوشش ہے کہ تمام فیصلوں پر اتفاق رائے ہو، جو چیز اتفاق رائے سے ہو وہ دیرپا ہوتی ہے، ریفرنڈم عوام سے رہنمائی کا ایک ذریعہ ہے، ریفرنڈم کا فیصلہ بھی اتفاق رائے سے ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو عدالت سے سزا ہوئی ہو تو وہ سیاسی قیدی نہیں ہوتا۔ اختلاف رائے ہر فرد کا حق ہے، خواجہ سعد رفیق کوئی الگ سیاسی دھڑا نہیں بنا رہے۔