ایران کا بڑا سرپرائز، تین نئے ٹیکٹیکل ڈرون منظر عام پر

ایران کی پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے چھوٹے طیاروں کو روکنے اور حملے کرنے کے لیے تیار کردہ تین نئے ٹیکٹیکل ڈرون متعارف کرا دیے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق گزشتہ روز منظر عام پر لائے گئے سایہ، قاصدک اور مینی ایچر نامی یہ ڈرونز زمینی افواج کی میدان جنگ سے متعلق ضروریات پوری کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں، جن میں کم فاصلے پر چھوٹے ڈرونز کے بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کرنا بھی شامل ہے۔

یہ ڈرون مشہد میں 25 نومبر سے شروع ہونے والی سائنس اور ایمان کا معجزہ نامی نمائش میں پیش کیے گئے، اور رپورٹ کے مطابق ان کی تیاری میں یوکرین کی جنگ کے تجربات سے استفادہ کیا گیا ہے، جن میں الیکٹرانک انٹرفیرنس کے ماحول میں کام کرنے والے کم لاگت دفاعی اور حملہ آور سسٹمز کی ضرورت نمایاں رہی ہے۔

سایہ ایک کواڈ کاپٹر ڈرون ہے جو دن یا رات کے وقت تھرمل امیجنگ کے ذریعے اہداف کا پتہ لگا کر آنے والے مائیکرو ڈرونز کو روکنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ سسٹم کم لاگت ڈرونز کے خلاف مہنگے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل داغنے کے مقابلے میں ایک سستا متبادل فراہم کرتا ہے۔ اس کی بتائی گئی خصوصیات میں 450 سے 600 کلومیٹر فی گھنٹہ کی زیادہ سے زیادہ رفتار، 10 کلومیٹر رینج اور پانچ منٹ تک پرواز کی صلاحیت شامل ہے، جبکہ اس کا مجموعی وزن دو کلوگرام ہے جس میں ایک کلوگرام وزنی سامان شامل ہے۔

سایہ کو ایک بڑے مدر شپ ڈرون کے ذریعے لے جا کر فضا سے لانچ بھی کیا جا سکتا ہے، جس سے اس کی عملی پہنچ اس کی اپنی بیٹری کی حد سے کہیں زیادہ بڑھ جاتی ہے۔

اسی طرح قاصدک اور مینی ایچر ایسے حملہ آور ڈرون یعنی لوئٹرنگ میونیشنز ہیں جو مخالف افواج کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دونوں ڈرونز میں خودکار آٹو پائلٹ اور بصری ہدف سازی کے نظام یکجا کیے گئے ہیں، جس کی بدولت یہ جی پی ایس یا آپریٹر سے مسلسل ریڈیو رابطے کے بغیر بھی راستہ تلاش کر کے حملہ کر سکتے ہیں، اور اس ڈیزائن کا مقصد الیکٹرانک جنگ کے اثرات سے انہیں محفوظ رکھنا ہے۔

قاصدک کا وزن 13 کلوگرام بتایا گیا ہے جو تین کلوگرام بارود یا سامان لے جا سکتا ہے، اس کی رفتار تقریباً 90 کلومیٹر فی گھنٹہ، رینج 40 سے 50 کلومیٹر اور پرواز کا دورانیہ 45 منٹ ہے، جبکہ اسے بھی سایہ کی طرح دوران پرواز کسی بڑے ڈرون سے لانچ کیا جا سکتا ہے۔

مینی ایچر کم فاصلے کے حملوں کے لیے بنایا گیا نسبتاً چھوٹا سسٹم ہے جس کا وزن 2.8 کلوگرام، رفتار تقریباً 250 کلومیٹر فی گھنٹہ، رینج 20 کلومیٹر اور پرواز کی مدت 5 منٹ بتائی گئی ہے۔

مشہد کی نمائش میں ایرانی میزائلوں، ڈرونز اور فضائی دفاعی نظاموں کے ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں۔

ایرانی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر کے مشیر بریگیڈیئر جنرل علی بلالی نے کہا کہ نمائش میں وعدہ صدق 1 سے 4 تک کے آپریشنز میں استعمال ہونے والے آلات کے ساتھ ساتھ ایسے فضائی دفاعی نظام بھی شامل ہیں جنہیں اس سے قبل ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔

یہ پیش رفت پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی کے بیان کے بعد سامنے آئی، جنہوں نے کہا تھا کہ میزائلوں کی تیاری جاری ہے اور ایران اپنے میزائلوں کی درستگی اور تباہ کن صلاحیت میں اضافہ کر رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جارحانہ اور دفاعی ہتھیاروں کے معاملے میں ایران کی پوزیشن امریکا کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے اور واشنگٹن کو اسٹریٹجک ہتھیاروں کی قلت کا سامنا ہے، جبکہ ایران کو نہ کسی قلت کا سامنا ہوا ہے اور نہ ہی ہوگا۔

دوسری جانب ایران کے یوم بحریہ کے موقع پر ایک علیحدہ پیغام میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل وحیدی نے باقاعدہ فوج کی بحریہ اور پاسداران انقلاب کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں افواج نے بالخصوص معرکہ ہرمز میں اپنی تیاری ثابت کی ہے اور دعویٰ کیا کہ امریکی و اسرائیلی فوجی اثاثوں کے خلاف ان کی کارروائیوں کے نتیجے میں امریکی بحری بیڑہ دور سمندری پانیوں میں صف بندی کیے محض تماشائی بنا رہا۔

کمانڈر وحیدی نے بحری افواج کو ملک کی بحری خودمختاری کا ستون اور قومی مفادات کا محافظ قرار دیتے ہوئے ہم آہنگی، عملی تجربے اور بڑھتی ہوئی دفاعی صلاحیتوں پر زور دیا اور کہا کہ ایرانی عوام اپنی خودمختاری، سلامتی اور جائز حقوق کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے خلیج، آبنائے ہرمز اور خلیج عمان کو عالمی سلامتی اور عالمی معیشت کے لیے نہایت اہم آبی گزرگاہیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی بحری افواج ملک کی سلامتی اور بحری خودمختاری کو لاحق کسی بھی خطرے کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرم نیا نے بھی ہفتے کو کہا کہ باقاعدہ بحری افواج مشرقی آبنائے ہرمز اور شمالی بحر ہند کی کڑی نگرانی کر رہی ہیں، اور دعویٰ کیا کہ جنگ کے دوران انہوں نے مضبوط کنٹرول برقرار رکھا۔

اس موقع پر میجر جنرل وحیدی نے دوران خدمت ہلاک ہونے والے ایرانی بحری اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا، جن میں جنگی جہاز دینا کا عملہ بھی شامل ہے جسے چار مارچ کو سری لنکا کے قریب ایک امریکی آبدوز نے اس وقت ڈبو دیا تھا جب وہ بھارت میں ایک بحری مشق سے واپس آ رہا تھا۔

پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی عظمائی نے بھی جوشن، سہند، سبلان اور دینا کے ملاحوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورس نے سمندر میں مارے جانے والوں کا بدلہ لینے کا عہد کر رکھا ہے۔

وزیر دفاع مہرداد اخلاقی نے ایرانی سائنس دانوں اور صنعت کاروں کی مدد سے بحری بیڑے کو جدید دفاعی نظاموں سے لیس کرنے اور بحری سازوسامان کی تیاری و مرمت کی تنصیبات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

تسنیم ایجنسی کے مطابق وزارت دفاع نے اس سے قبل بحریہ کی نگرانی میں دیلمان نامی جنگی جہاز تیار کیا تھا جو نومبر 2023 میں بندر انزلی میں ایران کے بحیرہ کیسپین کے بیڑے میں شامل ہوا تھا۔