امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے ساحلی علاقے میں اتوار کی صبح 5 شدت کے زلزلے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے نتیجے میں عمارتیں لرز اٹھیں، دکانوں سے لوگ باہر نکل آئے جبکہ لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک ٹرمینل کی چھت سے ٹائلیں بھی گر گئیں اور طیارے کی زلزلے کے دوران لینڈنگ کی کوشش ناکام ہوگئی۔ زلزلے کے بعد درجنوں آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان یا بڑے پیمانے پر عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے بتایا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر لاس اینجلس کے ساحلی علاقے مین ہٹن بیچ کے قریب آیا۔ زلزلے کا مرکز مین ہٹن بیچ سے تقریباً 3.7 میل جنوب مغرب کی جانب جبکہ گہرائی زمین سے تقریباً 7.6 میل نیچے ریکارڈ کی گئی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق زلزلے کے جھٹکے لاس اینجلس کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے، جن میں سانتا مونیکا اور پاساڈینا بھی شامل ہیں۔ زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ سانتا مونیکا میں کئی دکانوں کے اندر موجود افراد خوف کے باعث باہر نکل آئے، جبکہ عمارتیں لرزنے کے ساتھ درخت بھی ہلتے دکھائی دیے۔
لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک ٹرمینل میں زلزلے کے جھٹکوں سے چھت کی ٹائلیں نیچے گر گئیں۔ تاہم فوری طور پر ایئرپورٹ پر کسی جانی نقصان یا بڑے ساختی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
اس کے علاوہ ایک آئل ریفائنری سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے، جہاں زلزلے کے نتیجے میں خودکار حفاظتی نظام فعال ہوگئے تھے۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان یا بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ادھر لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈیلٹا ایئرلائنز کی ایک پرواز کو لینڈنگ سے عین قبل واپس جانے کی ہدایت کی گئی۔ ایئر ٹریفک کنٹرولر نے زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر پائلٹ کو بار بار لینڈنگ کا عمل روکنے اور جہاز کو دوبارہ بلندی پر لے جانے کا حکم دیا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریکارڈنگ میں اس وقت کی گفتگو بھی محفوظ ہوگئی، جس میں کنٹرولر کو ڈیلٹا فلائٹ 1972 کے پائلٹ سے کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ڈیلٹا 1972، واپس چلے جائیں، ڈیلٹا 1972، واپس چلے جائیں، یہاں شدید زلزلہ آرہا ہے۔
ہوائی جہاز کے پائلٹ نے ہدایات پر عمل کرتے ہوئے لینڈنگ کا ارادہ ترک کردیا اور طیارے کو دوبارہ بلندی پر لے گئے۔ اس دوران زلزلے کے جھٹکوں سے ایئرپورٹ کے مختلف حصے لرز اٹھے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق زلزلے کے باوجود پروازوں کا معمول کا آپریشن متاثر نہیں ہوا اور واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی موصول نہیں ہوئی۔ سی این این کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے کے تازہ ترین اعداد و شمار میں ابتدائی زلزلے کے بعد کم از کم 40 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے۔ ادارے نے اندازہ ظاہر کیا کہ 30 فیصد امکان ہے کہ مزید آفٹر شاکس میں سے کسی ایک کی شدت 4 یا اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
زلزلے کے بعد لاس اینجلس فائر ڈپارٹمنٹ نے شہر بھر میں ہنگامی کارروائیاں شروع کردیں اور اپنے تمام 106 مقامی فائر اسٹیشنز سے اہلکاروں کو ممکنہ نقصانات کا جائزہ لینے اور بنیادی ڈھانچے کا معائنہ کرنے کے لیے متحرک کردیا۔
لاس اینجلس فائر ڈپارٹمنٹ کی ترجمان لنڈسے لینٹز نے سی این این کو بتایا کہ ابتدائی طور پر کسی عمارت کو نقصان پہنچنے یا کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
لاس اینجلس کی میئر کیرن باس نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ شہر کی متعلقہ ٹیمیں صورت حال کا جائزہ لے رہی ہیں اور زلزلے کے ممکنہ اثرات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک بڑے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی، تاہم فائر ڈپارٹمنٹ زلزلے سے ممکنہ متاثرہ مقامات کا معائنہ کرنے کے لیے ہنگامی حالت میں کام کر رہا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق لاس اینجلس فائر ڈپارٹمنٹ نے ابتدائی جائزے کے بعد شہر میں کسی جانی نقصان یا عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں دی۔
دوسری جانب مین ہٹن بیچ کی انتظامیہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس چند منٹ، گھنٹوں یا کئی دن بعد بھی آ سکتے ہیں، اس لیے احتیاط اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی تیاری برقرار رکھی جائے۔ انتظامیہ کے مطابق فوری طور پر سونامی کا کوئی خطرہ نہیں تھا۔






