چور نے چوری کی ویڈیو خود ہی ریکارڈ کرلی

کینیڈا میں ایک چور کی ہوشیاری اس وقت الٹی پڑ گئی جب وہ جدید ٹیکنالوجی کی باریکیوں کو نظر انداز کر بیٹھا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عینک کی دکان سے قیمتی رے بین میٹا اسمارٹ عینک چرانے والے اس شخص نے نہ صرف صفائی سے ہاتھ صاف کیا بلکہ غلطی سے اپنی ہی واردات کی ویڈیو بھی ریکارڈ کر ڈالی، جو سیدھی پولیس کے ہاتھ لگ گئی۔

یہ واقعہ کینیڈا کے علاقے ککس ٹاؤن میں واقع چشموں کی ایک دکان پر پیش آیا۔ ایک گاہک بن کر دکان میں داخل ہونے والے شخص نے عملے سے بڑی معصومیت سے درخواست کی کہ وہ رے بین میٹا اسمارٹ عینک پہن کر دیکھنا چاہتا ہے۔

ملزم نے پوری منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ پولیس کے مطابق مشتبہ شخص اپنے ساتھ پہلے سے ایک نقلی چشمہ لے کر آیا تھا۔ عینک آزمانے کے بہانے اس نے بڑی چالاکی سے اصلی اسمارٹ عینک اتار کر جیب میں ڈالی اور اس کی جگہ پہلے سے ساتھ لائی گئی نقلی عینک عملے کو واپس تھما کر دکان سے رفو چکر ہو گیا۔

شروع میں تو سب کچھ ملزم کے منصوبے کے مطابق چلتا رہا اور عملے کو اس کے جانے کے بعد اندازہ ہوا کہ ان کے ساتھ ہاتھ ہو گیا ہے۔ تاہم اصل کہانی اس وقت شروع ہوئی جب دکان کے عملے نے اس ڈیوائس کو چیک کیا جو پہلے سے اس چوری شدہ اسمارٹ عینک کے ساتھ منسلک تھی۔

واردات کے دوران عینک پہنتے ہوئے ملزم سے غلطی سے اسمارٹ عینک کا کیمرہ اور ریکارڈنگ بٹن دب گیا۔ اسمارٹ عینک نے اپنا کام دکھایا اور چور کی تمام حرکات و سکنات اور اس کا واضح چہرہ خودکار طریقے سے پہلے سے منسلک ڈیوائس پر محفوظ ہو گیا، یوں ملزم نے خود ہی پولیس کے لیے ناقابل تردید ثبوت تیار کر دیے۔ اس کی اپنی ہی ریکارڈنگ پولیس کے لیے اہم ثبوت بن گئی۔

پولیس نے سوشل میڈیا پر اس انوکھی واردات کا احوال بیان کرتے ہوئے دلچسپ تبصرہ کیا کہ عام طور پر مجرم واردات کے بعد ہر نشان مٹانے کی کوشش کرتے ہیں، مگر اس صاحب نے تو کمال ہی کر دیا اور خود ہی اپنے جرم کی دستاویزی فلم بنا کر چھوڑ گئے۔

اب پولیس نے ملزم کی واضح تصاویر اور ویڈیو فوٹیج عوام کے سامنے جاری کر دی ہیں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی اس ٹیکنالوجی سے ناواقف چور کو پہچانتا ہے یا 11 نومبر کے اس واقعے کے بارے میں کچھ جانتا ہے تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے۔