پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کےتحت سعودی عرب کیساتھ کھڑ اہے ، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کی، 2اکتوبر کو طیبہ پاورڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر حملہ سنگین اشتعال انگیزی ہے، حرمین شریفین کےتقدس کا ہر حال میں تحفظ یقینی بنایاجانا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کےتحت سعودی عرب کیساتھ کھڑ اہے، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری،علاقائی سالمیت،سلامتی اورتحفظ کی حمایت کرتاہے، مکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس ہوا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل نے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت علاقائی صورتحال پر غور کیا گیا، کمیٹی نے دفاع کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہناتھا کہ اجلاس میں اجتماعی دفاع کے عزم کا اعادہ کیا گیا، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے رکن ملکوں کی سلامتی ایک دوسرے کی سلامتی کا لازمی حصہ ہے، ماسکو فارمیٹ اجلاس میں افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی پر اپنے تحفظات واضح طور پیش کیے، افغانستان سے پھیلنے والی دہشتگردی ہمسایہ ملکوں خصوصاً پاکستان کیلئے سنگین خطرہ ہے، پاکستان نے غزہ میں تنازع کےخاتمے اور قابل اعتماد سیاسی عمل کیلئے بورڈ آف پیس میں شمولیت اختیار کی۔

پاکستان نے غزہ امن منصوبے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2735 پر مکمل عملدرآمد پر زور  دیا ، اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل نے پاکستان کےساتھ قریبی رابطہ کاری کےعزم کا اعادہ کیا، فلسطینی عوام کو 1967 سےپہلے کی سرحدوں پر مبنی آزاد،خودمختار ریاست ملنی چاہیے۔