مہنگائی کے ستائے عوام پر بجلی کا نیا بوجھ، فی یونٹ قیمت بڑھ گئی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 11 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے۔

 

نیپرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافہ اگست کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہوگا۔ اضافی رقم اکتوبر کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔

 

ذرائع کے مطابق اس اضافے سے صارفین پر مجموعی طور پر 19 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، تاہم لائف لائن صارفین کو اس اضافے سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

 

دوسری جانب ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے، متعدد پاور پلانٹس سسٹم سے نکل گئے ہیں اور ہائیڈل پیداوار میں بھی کمی آئی ہے۔

 

لیسکو میں طلب 4 ہزار جبکہ رسد 3 ہزار میگاواٹ رہ گئی ہے، جس کے باعث شہروں اور دیہاتوں میں 3 سے 4 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔